(24 نیوز) بلوچستان کے ضلع بولان میں بلوچستان کانسٹیبلری کے ٹرک کے قریب خودکش حملے میں 9 سیکیورٹی اہلکار شہید اور متعدد زخمی ہوگئے۔
لیویز کے مطابق کوئٹہ سبی شاہراہ پر کمبڑی پل کے مقام پر دھماکہ ہوا۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق دھماکے میں بلوچستان کانسٹیبلری کو نشانہ بنایا گیا۔
لاشوں اور زخمی اہلکاروں کو سبی منتقل کیا گیا جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی گئی۔ بعض زخمیوں کی حالت نازک ہے جس کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔ کوئٹہ اور سبی کے اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔
بلوچستان کانسٹیبلری کے اہلکار سبی میلے میں ڈیوٹی کر کے واپس آرہے تھے کہ راستے میں انہیں نشانہ بنایا گیا۔ دھماکے کی شدت اتنی زیادہ تھی کہ ٹرک الٹ گیا اور اہلکار اس کے نیچے دب گئے۔
شہید ہونے والوں میں شہزاد احمد، گل بدین، سمیع اللہ، راوت خان، نذر محمد، عبدالقیوم، محمد حیات اور زوہر علی شامل ہیں جبکہ زخمیوں میں غلام قادر، عطااللہ، عبدالحق، رستم علی، محمد الیاس، غلام محمد، ابراہیم خان، محمد یعقوب اور سلیم جاوید شامل ہیں۔
آئی جی پولیس بلوچستان نے بولان میں بی سی کی گاڑی پر ہونے والے خودکش حملے کی مذمت کی۔ انہوں نے شہید ہونے والے 9 اہلکاروں کے خاندانوں سے تعزیت اور اُن سے ہر طرح کے تعاون کی یقینی دہانی کرائی۔
آئی جی پولیس نے زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا اور اُن کو علاج معالجے کی تمام سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے سفاقانہ اور بزدلانہ حملوں سے ہمارے حوصلے پست نہیں کیے جاسکتے، دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑنے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔ انہوں نے رینج آفسران سے واقعے کی فوری تحقیقات اور رپورٹ جلد سی پی او کو بجھوانے کی ہدایات کی۔