(ویب ڈیسک) پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے چیئرمین نور عالم خان نے کہا ہے کہ بین الاقوامی کرکٹرز اگر پاکستان آتے ہیں تو پاکستان کے عوام کی طرح رہیں۔
اسلام آباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے نور عالم خان نے کہا کہ گزشتہ روز اسلام آباد کے تمام راستے بند کیے گئے، جب وجہ پوچھی گئی تو معلوم ہوا پی ایس ایل کی وجہ سے راستے بند کیے گئے ہیں۔
یہ بھی پڑھیے: پی ایس ایل 8،پانچ ٹیموں کے غیرملکی کھلاڑیوں کو 70 فیصد معاوضے کی ادائیگی ہوگئی
چیئرمین پی اے سی نے کہا کہ بین الاقوامی کرکٹرز کے آنے سے سری نگر ہائی وے کو بلاک کر دیا گیا، پی اے سی کی ڈائریکشن ہے وزیر ہو یا وزیراعظم ،جنرل ہو یا جج، کسی کیلئے سڑک بند نہیں کرسکتے۔
نورعالم خان نے مزید کہا کہ بلٹ پروف گاڑیوں میں ہونے کے باوجود راستے بند کرنا سمجھ سے باہر ہے۔ بین الاقوامی کرکٹرز اگر پاکستان آتے ہیں تو پاکستان کے عوام کی طرح رہیں، یہ کوئی طریقہ نہیں کہ راستے بند کرکے عوام کو تکلیف دی جائے، مہنگائی کے اس دور میں عوام کو لمبے راستے سے سفر کرنا پڑتا ہے۔