پی ایس ایل 9: لاہور قلندرز کی پہلی فتح، اسلام آباد یونائیٹڈ کو 17 رنز سے شکست

Mar 06, 2024 | 18:49:PM
پی ایس ایل 9: لاہور قلندرز کی پہلی فتح، اسلام آباد یونائیٹڈ کو 17 رنز سے شکست
کیپشن: لاہور قلندرز کی پہلی فتح، اسلام آباد یونائیٹڈ کو 17 رنز سے شکست
سورس: Twitter
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(افضل بلال) پی ایس ایل 9 کے 23ویں میچ میں لاہور قلندرز نے رواں سیزن کی پہلی فتح رجسٹر کرتے ہوئے اسلام آباد یونائیٹڈ کو 17 رنز سے شکست دے دی۔

راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے جا رہے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن 9 کے 23ویں مقابلے میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے لاہور قلندرز کیخلاف ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تو مخالف ٹیم لاہور قلندرز نے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 162 رنز بنائے، ہدف کے تعاقب میں اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم لاہور قلندرز کی عمدہ گیند بازی کا سامنا کرنے میں ناکام رہی اور انیسویں اوور میں 145 کے مجموعی سکور پر ساری ٹیم ڈھیر ہو گئی۔

ہدف کے تعاقب میں اسلام آباد یونائیٹڈ کو شروعات سے ہی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، اسلام آباد کے کپتان شاداب خان اور اوپنر ایلکس ہیلز سمیت مجموعی طور پر 7 بلے باز دوہرے ہندسے میں بھی داخل نہ ہو پائے، فہیم اشرف نے مزاحمت کرتے ہوئے 31 گیندوں پر ایک چھکے اور 4 چوکوں کی مدد سے 41 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیلی، اعظم خان 19 گیندوں پر 29 رنز کی جارحانہ اننگز کے ساتھ دوسرے نمایاں بلے باز رہے، نسیم شاہ نے 27 رنز بنائے اور کولن منرو نے 16 گیندوں پر 15 رنز سکور کئے۔

لاہور قلندرز کی جانب سے زمان خان 4 وکٹوں کے ساتھ نمایاں گیند باز رہے جبکہ کپتان شاہین شاہ آفریدی نے 2 اور ڈیوڈ ویسے، جہانداد خان، احسن بھٹی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

لاہور قلندرز کی جانب سے اوپنر ایک بار پھر سے اچھا آغاز نہ دے سکے اور 11 کے مجموعی سکور پر صاحبزادہ فرحان پویلین لوٹ گئے، ناکامی ایک بار پھر سے فخر زمان کا مقدر بنی، ہمیشہ کی طرح رسی ونڈرڈسن نے لڑکھڑاتی قلندرز کی بیٹنگ کو سہارا دیا اور میچ وننگ 64 رنز کی ذمہ دارانا اننگز کھیلی، انہوں نے 44 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 4 چوکے اور 4 ہی چھکے لگائے، ان کے علاوہ کپتان شاہین شاہ آفریدی 14 گیندوں پر 30 رنز کی جارحانہ اننگز کھیل کر دوسرے نمایاں بلے باز رہے۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے رومان رئیس 2 وکٹوں کے ساتھ نمایاں گیند باز رہے جبکہ نسیم شاہ، حنین شاہ، عماد وسیم، فہیم اشرف اور کپتان شاداب خان نے ایک ایک کھلاڑی کو پویلین کی راہ دکھائی۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا، اس موقع پر شاداب خان کا کہنا تھا کہ لاہور قلندرز کو کم سے کم رنز تک محدود رکھنے کی کوشش کریں گے، ہمارا بولنگ اٹیک اچھا ہے، لڑکے اچھے ردھم میں ہیں، نسیم شاہ، حنین شاہ، رومان رئیس سبھی اچھی فام میں ہیں، اچھی اور اٹیکنگ کرکٹ کھیلیں گے۔

دوسری جانب لاہور قلندرز کے کپتان شاہین شاہ آفریدی کا کہنا تھا کہ اگر وہ بھی ٹاس جیتتے تو پہلے فیلڈنگ ہی کرتے لیکن ایک پروفیشنل ہونے کے ناطے ہر صورتحال کے لئے تیار رہنا ہوتا ہے، ٹاس کے ہارنے یا جیتنے سے کوئی فرق نہیں پڑتا، اچھا کھیل پیش کرنا ہوتا ہے کامیابی حاصل کرنے کے لئے، راشد خان کے بعد اب حارث رؤف کی بھی کمی محسوس ہو رہی ہے، وہ ہمارے سٹار بولر ہیں۔