کیارا ایڈوانی فلم "ڈان 3"سے آؤٹ،نئی ہیروئن کی تلاش شروع

Mar 06, 2025 | 14:18:PM

 (ویب ڈیسک)معروف بھارتی اداکارہ کیارا ایڈوانی نے حاملہ ہونے کے بعد فلم"ڈان"کے تھریکوئل "ڈان 3"سے الگ ہونے کافیصلہ کرلیااورپروڈیوسرزنے فلم کے لیے نئی ہیروئن کی تلاش شروع کردی ہے۔

کیارا ایڈوانی نے گزشتہ برس "ڈان 3" میں بطور ہیروئن کاسٹ کیے جانے کی خبروں کے ساتھ تہلکہ مچادیا تھاجسے ان کے فلمی کیریئرمیں ایک بڑاسنگ میل قرار دیا جارہا تھا۔

اب حال ہی میں بالی ووڈ کی اسٹار جوڑی کیارا ایڈوانی اور سدھارتھ ملہوترا کی جانب سے اپنے گھر جلد ننھے مہمان کی آمد کا اعلان کیاگیاہے جس نےان کے مداحوں کو خوشگوار حیرت میں مبتلا کردیا تھا جس کے بعد کیارا اڈوانی نے اپنے حمل کو ترجیح دیتے ہوئے"ڈان 3" کا حصہ نہ بننے کا فیصلہ کیا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق کیارا ایڈوانی کام سے وقفہ لے کر اپنی زندگی کے ان خوبصورت لمحات سے لطف اندوز ہونا چاہتی ہیں۔

کیارا ایڈوانی فی الحال فلم "ٹاکسک" اور "وار 2" کی شوٹنگ مکمل کرنے میں مصروف ہیں، جس کے بعد وہ اپنی فیملی اور آنے والے بچے کے ساتھ وقت گزارنے کے لیے اداکاری سے وقفہ لیں گی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق کیارا کے اس فیصلے کا احترام کرتے ہوئے فلم میکرزنے اب "ڈان 3" کیلئے نئی ہیروئن کی تلاش شروع کردی ہے۔

واضح رہے کہ سال 2006 میں ریلیز ہونےوالی فلم"ڈان" اور 2011 میں ریلیز ہونے والی"ڈان 2" کے بعد فرحان اختراب بطور ہدایت کارڈان فرنچائز کے تھریکوئل "ڈان 3" کے ساتھ واپسی کے لیے تیار ہیں،اس فلم میں شاہ رخ خان کی جگہ رنویر سنگھ کو ڈان کے کردار کیلئے کاسٹ کیا گیا ہے،جبکہ باصلاحیت اداکار وکرانت میسی اس فلم میں مخالف کرداراداکریں گے۔

فلمساز فرحان اختر نے حال ہی میں ایک انٹرویو کے دوران تصدیق کی تھی کہ وہ "ڈان 3" کی شوٹنگ رواں سال شروع کریں گے۔فرحان اختر یا"ڈان 3" سے وابستہ کسی نے بھی  تاحال "ڈان 3" سے کیارا ایڈوانی کے علیحدہ ہونے کی باضابطہ تصدیق نہیں کی ہے۔

یہ بھی پڑھیں:نادیہ خان تنازع: حبا بخاری اور آریز احمد نے خاموشی توڑ دی

کیارا ایڈوانی نے سال 2014 میں فلم "فگلی" سے بالی ووڈ میں فلمی سفرکاآغازکیاتھاجس کے بعد 2016 میں"ایم ایس دھونی: دی ان ٹولڈ اسٹوری"میں ساکشی دھونی کا کردار ادا کیاجوسپرہٹ ثابت ہوئی تھی۔کبیر سنگھ، گڈ نیوز،بھول بھلیاں 2، ستیہ پریم کی کتھا،جگ جگ جیو اور دیگرفلمیں بھی ان کے کریڈٹ پرہیں،کیارا ایڈوانی فروری 2023 میں سدھارتھ کے ساتھ شادی کے بندھن میں بندھی تھیں۔

مزیدخبریں