(24 نیوز)خوشاب ضمنی الیکشن میں کامیابی پر مریم نوازنے کہاہے کہ ہر شہر میں عوام نے نوازشریف کی فتح کا اعلان کردیا،نوازشریف بیانیے کی تائید عوام کے حق حکمرانی کی فتح ہے ۔
مسلم لیگ ن کی مرکزی نائب صدر مریم نواز نے اپنے ٹوئٹ میں کہاہے کہ نوازشریف کو مائنس کرنے والو،دیکھواللہ کے کام ،صرف نوازشریف رہ گیاہے باقی سب مانئس ہو چکے ہیں ۔
واضح رہے کہ خوشاب میں پنجاب اسمبلی کے حلقہ پی پی 84 کے ضمنی الیکشن میں ن لیگ نے کامیابی حاصل کرکے اپنی نشست دوبارہ حاصل کرلی ہے۔
پی پی 84 خوشاب میں پی ٹی آئی کے علی حسین خان اور ن لیگ کے ملک معظم کلو کے درمیان اصل مقابلہ تھا تاہم پیپلز پارٹی کے غلام حبیب احمد، امجد رضا، اورنگزیب، عمران حیدر خان، الیاس خان آزاد اور کالعدم جماعت کے اصغر علی بھی میدان میں تھے۔
پی پی 84 خوشاب ضمنی الیکشن کے 229 میں سے تمام 229 پولنگ سٹیشنز کے غیر حتمی اور غیرسرکاری نتیجے کے مطابق ن لیگ کے امیدوار محمد معظم شیر کلو 74165 ووٹ لےکر کامیاب ہوگئے ہیں جبکہ پی ٹی آئی کے علی حسین خان بلوچ 63569 ووٹ لےکر دوسرے نمبرپر ہیں۔