امریکی صدر بائیڈن پاکستان کے کردار کے معترف ہو گئے
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز) امریکی صدر جو بائیڈن افغانستان میں امن کے لیے پاکستان کے کردار کے معترف ہو گئے، انھوں نے کہا افغان جنگ کے خاتمے اور پُر امن معاہدے میں پاکستان کا کردار اہم رہا ہے۔
تفصیلات کے مطابق اپنی حکومت کے 100 دن مکمل ہونے پر ڈیموکریٹ رہنماؤں سے آن لائن گفتگو میں صدر بائیڈن نے کہا کہ افغانستان میں امن کے لیے مستقبل میں بھی پاکستان کا اہم کردار رہےگا۔ان کا کہنا تھا کہ ماحولیاتی تبدیلی کے مسئلے پر امریکا نے تمام اقوام کو اکھٹا کر کے اہم پیش رفت کی ہے، اس موقع پر ڈیمو کریٹ رہنما طاہر جاوید کے سوال پر انھوں نے کہا کہ امریکا میں’مسلم بین‘ کے خاتمے سمیت تمام وعدے پورے کر دیے، اور آئندہ بھی تمام وعدے پورے کروں گا۔
واضح رہے کہ افغانستان سے متعلق امریکی صدر جو بائیڈن کے فیصلے کے بعد امریکا اور نیٹو نے افغانستان سے باقاعدہ انخلا کا آغاز کر دیا ہے، 29 اپریل کو نیٹو اتحاد کے ایک عہدے دار نے بتایا تھا کہ نیٹو نے صدر جو بائیڈن کے امریکی افواج کو وطن واپس لانے کے فیصلے کے بعد افغانستان سے اپنے مشن کی واپسی کا آغاز کر دیا ہے، امریکی اور نیٹو فوجیوں کا انخلا 11 ستمبر تک جاری رہے گا۔
یاد رہے کہ صدر بائیڈن نے گزشتہ ماہ کہا تھا کہ امریکی فوجیوں کا انخلا گیارہ ستمبر تک مکمل ہو جائے گا، یہ امریکا میں نائن الیون حملوں کے 20 برس مکمل ہونے کی تاریخ ہے۔
یہ بھی پڑھیں: بھارت بھی پاک بحریہ کی ٹیکنالوجی کا معترف نکلا