نہر میں پھینکے گئے4 بچوں کی لاشیں نہ مل سکیں، باپ پرمقدمہ درج

May 06, 2021 | 10:11:AM

 (24نیوز)شیخوپورہ کے قریب اپنے 4 بچوں کو قتل کر کے نہر میں پھینکنے والے سنگدل باپ کے خلاف اس کی بیوی کی مدعیت میں قتل کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق باپ کی جانب سے قتل کرکے نہر میں پھینکے گئے 4 بچوں کی دن بھر تلاش جاری رہی، پولیس کے مطابق ریسکیو 1122 کے غوطہ خوروں نے دن بھر بچوں کی لاشوں کی تلاش کے لیے سرتوڑ کوششیں جاری رکھیں مگر فی الحال کوئی کامیابی نصیب نہ ہوئی، پولیس بھی دن بھر موقع پر موجود رہی۔

 پولیس کے مطابق ابتدائی تفتیش میں ملزم محسن نے اپنی بیوی مصباح کے کردار کو واقعے کی وجہ قرار دیا ہے، ملزم کے مطابق بیوی کے ناجائز مراسم کے باعث گھر میں لڑائی جھگڑا رہتا تھا۔پولیس کےمطابق ملزم محسن نے گھریلو جھگڑے پر 23 اپریل کو ایک بیٹے اور تین بیٹیوں کو نہر میں پھینکا تھا، بچوں میں 7 سالہ ذوالقرنین، 4 سالہ حوریہ، 2 سالہ نمرہ اور ایک سالہ عروہ شامل ہیں۔

بھکھی پولیس نے بچوں کی ماں مصباح کی درخواست پر ملزم محسن کے خلاف قتل اور دیگر دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا ہے۔
 

مزیدخبریں