اشرف صحرائی کی زیر حراست موت پر مقبوضہ جموں وکشمیرمیں مکمل ہڑتال 

May 06, 2021 | 22:38:PM

(24 نیوز)کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنماءاور تحریک حریت جموں وکشمیر کے چیئرمین محمد اشرف صحرائی کی اودھم پور جیل میں زیر حراست موت پر سوگ کیلئے جمعرات کو پورے مقبوضہ علاقے میں مکمل ہڑتال کی گئی ۔

تفصیلات کے مطابق ہڑتال کی کال کل جماعتی حریت کانفرنس ، میرواعظ عمر فاروق کی سرپرستی میں قائم حریت فورم اور دیگر حریت رہنماﺅں اور تنظیموں نے دی تھی۔سرینگر میں نوگام ، حیدر پورہ ، برزلہ اورنواکدل اور وادی کشمیر کے دیگر علاقوں میں کرفیو اور دیگر پابندیوں کے باوجود غائبانہ نماز جنازہ اور دعائیہ مجالس کا اہتمام کیاگیا۔
 سرینگر ، پلوامہ ، اور دیگر علاقوں میں بھارتی پولیس اہلکاروں نے متعدد حریت رہنماﺅں اور کارکنوں کو نماز جنازہ میں شرکت سے روکنے کیلئے گرفتار کرلیا۔ کپواڑہ میں لوگوں کو آزادی کے حق میں مظاہرے کرنے اور لولاب میں اشرف صحرائی کے اہلخانہ سے اظہار یکجہتی سے روکنے کیلئے سخت کرفیو نافذ کردیاگیا۔
غائبانہ نماز جنازہ کا اہتمام جموں وکشمیر ڈیموکریٹک جسٹس پارٹی ، پولیٹیکل ریزسٹنس موومنٹ ، جموںوکشمیر سوشل یوتھ فورم اوردیگر حریت تنظیموں نے کیا تھا۔ حریت رہنماﺅں اور کارکنوں بشمول محمد اشرف لایا ، بشیر قریشی ، رفیق اویس اور نثار حسین راتھر نے سوگواران سے خطاب کیا۔
اس سے قبل محمد اشرف صحرائی کو کپواڑہ کے علاقے لولاب میں انکے آبائی گاﺅں ٹکی پورہ میں سخت فوجی محاصرے میں سپرد خاک کردیاگیا۔ان کی میت کو پولیس کی تحویل میں جموںسے انکے آبائی گاﺅں لایا گیا ۔ اس موقع پر گاﺅں کی بجلی مکمل طورپر معطل کر دی گئی جس سے پورا علاقہ مکمل تاریکی میں ڈوب گیا۔ لوگوں کی ایک قلیل تعدادہی کو حریت رہنماءکا آخری دیدار کرنے کی اجازت دی گئی ۔ 
کل جماعتی حریت کانفرنس نے جمعرات کو سرینگر سے جاری ایک بیان میں کشمیری عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ پورے مقبوضہ جموں وکشمیر اور دنیا بھر میں اپنے محبوب حریت رہنماءکی غائبانہ نماز جنازہ ادا کرنے اور دعائیہ تقاریب کے انعقاد کا سلسلہ جاری رکھیں۔ 
یہ بھی پڑھیں:آئندہ ہفتے موسم کیسا رہیگا ؟ محکمہ موسمیات نے پیشنگوئی کردی

مزیدخبریں