شاہ محمود قریشی کا انڈونیشیا ئی ہم منصب سے ٹیلیفونک رابطہ۔۔اسلاموفوبیا کےخلاف او آئی سی پلیٹ فارم سے مشترکہ لائحہ عمل اختیار کرنے زور 

May 06, 2021 | 23:44:PM
شاہ محمود قریشی کا انڈونیشیا ئی ہم منصب سے ٹیلیفونک رابطہ۔۔اسلاموفوبیا کےخلاف او آئی سی پلیٹ فارم سے مشترکہ لائحہ عمل اختیار کرنے زور 
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

  (24نیوز)وزیرخارجہ مخدوم شاہ محمودقریشی نے کہا ہے کہ پاکستان عالمی سطح پر بین المذاہب ہم آہنگی سے متعلق آگاہی پیدا کرنے اور باہمی احترام کے فروغ کیلئے کوشاں ہے۔
دفتر خارجہ کے مطابق مخدوم شاہ محمود قریشی نے جمعرات کو انڈونیشیا کی وزیر خارجہ رتنو مرسودی کے ساتھ ٹیلیفونک رابطہ کیا۔دونوں وزرائے خارجہ کے مابین اسلاموفوبیا کے بڑھتے ہوئے واقعات اور بین المذاہب ہم آہنگی کے حوالے سے تبادلہ خیال ہوا۔
وزیر خارجہ نے اسلاموفوبیا کے خلاف او آئی سی پلیٹ فارم سے مشترکہ لائحہ عمل اختیار کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان عالمی سطح پر بین المذاہب ہم آہنگی سے متعلق آگاہی پیدا کرنے اور باہمی احترام کے فروغ کیلئے کوشاں ہے۔پاکستان، بین الاقوامی قوانین کی روشنی میں ذمہ دارانہ، آزادی اظہارِ رائے پر یقین رکھتا ہے۔ اسلاموفوبیا کے حالیہ رونما ہونے والے واقعات سے دنیا بھر کے مسلمانوں کی دل آزاری ہوئی ہے۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ میں وزیر اعظم عمران خان کے وڑن کی روشنی میں تسلسل کے ساتھ، علاقائی و بین الاقوامی فورمز پر اس معاملے کو اجاگر کر رہا ہوں۔
وزیر خارجہ نے نیامے میں منعقدہ وزرائے خارجہ کونسل کے سنتالیسویں اجلاس کے موقع پر “اسلاموفوبیا کے حوالے سے، پاکستان کی جانب سے پیش کردہ” قرارداد “کی بھرپور حمایت پر، انڈونیشین وزیر خارجہ کا شکریہ ادا کیا۔وزیر خارجہ نے،قرارداد کی روشنی میں 15 مارچ کو اسلاموفوبیا کے خلاف عالمی دن قرار دلوانے کیلئے بین الاقوامی فورمز پر مشترکہ کاوشیں بروئے کار لانے کی ضرورت پر زور دیااور کہا کہ بین الاقوامی سطح پر پرامن بقائے باہمی، برداشت اور بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ کیلئے،ضرورت اس بات کی ہے کہ اقوام متحدہ کی سرپرستی میں تہذیبوں کے مابین مباحثے کا انعقاد کیا جائے۔انڈونیشین وزیر خارجہ رتنو مرسودی نے بین الاقوامی سطح پر اسلاموفوبیا کے خلاف آواز اٹھانے کے حوالے سے پاکستان کی جانب سے کی جانیوالی سنجیدہ کاوشوں کوسراہتے ہوئے، اس ضمن میں انڈونیشیا کی جانب سے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔
یہ بھی پڑھیں۔سندھ حکومت نے تاجروں کو بڑا ریلیف دیدیا