عمران کو اتنا دکھ اپنی حکومت جانے کا نہیں جتنی تکلیف شہباز شریف کے وزیراعظم بننے کی ہے،مریم نواز

May 06, 2022 | 21:31:PM

(24 نیوز)مسلم لیگ ن مرکزی سینئر نائب صدر مریم نوازکا کہنا ہے کہ عمران خان کو اتنا دکھ اپنی حکومت جانے کا نہیں جتنی تکلیف شہباز شریف کے وزیراعظم بننے کی ہے،عمران خان اس دکھ کی عادت ڈال لو اب آنے والا دور نوازشریف ، شہباز شریف ن لیگ کا ہے۔
فتح جنگ میں مسلم لیگ ن کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہاکہ مبارک ہو عمران خان جیسی نحوست سے آپ کی جان چھوٹ گئی،عمران خان کی نحوست عوام کی بجلی، آٹا اور چینی کھا گئی،آپ کو دن رات کام کرنے والا وزیراعظم شہبازشریف مبارک ہو۔
مریم نواز نے کہاکہ عمران خان کو اتنا دکھ اپنی حکومت جانے کا نہیں جتنی تکلیف شہباز شریف کے وزیراعظم بننے کی ہے،عمران خان اس دکھ کی عادت ڈال لو اب آنے والا دور نوازشریف ، شہباز شریف ن لیگ کا ہے،سینئر نائب صدر ن لیگ نے کہاکہ جس نے پوری زندگی بوٹ صاف کئے ہوں اس کو بوٹ صاف کہنے کے سوا کچھ نہیں آتا،انہوں نے کہاکہ یہ جانتا ہے شہبازشریف ہر آنے والے دن اس کی نااہلی، نالائقی کی داستان سامنے لائے گا۔
مریم نواز نے کہاکہ جب بزدار رخصت ہوا تو پورے پنجاب میں بجلی نہیں تھی، عمران خان نے وقت پر ڈیزل نہیں منگوایا قوم لوڈشیڈنگ سے بلکتی رہی،ابھی شہبازشریف کو ایک مہینہ ہوا، آٹا چینی سستی ہو گئی، بجلی کے بند کارخانے چلا دیئے، عمران خان نے نہ خود کام کیا نہ کسی کو کرنے دیا، چار سال انتقام میں لگا رہا۔
لیگی رہنما نے کہاکہ عمران خان کے نیچے سے کرسی کھسکی ہے اوپر سے دماغ کھسک گیا ہے،اس خط کو سازش قراردیا جس کا وجود ہی نہیں،عمران خان ہر روز نیا جھوٹ بولتا ہے،اب کہہ رہاہے جولائی سے جانتا تھا میرے خلاف سازش ہو رہی ہے،ہمیں یہ کہتا رہا کہ دعا مانگتا ہوں کہ تحریک عدم اعتماد آئے،جب اللہ نے دعا سن لی تحریک اعتماد آگئی، کامیاب ہو گئی تو پھر رونا کس بات کا، کل عمران خان نے سازش کا خود ہی بتا دیا اپنے منہ سے سچ بول دیا، کبھی کہتا ہے خط7 مارچ کو آیا، اب کہا کہ میں تو ایک سال سے جانتا تھا سازش ہو رہی ہے۔
مریم نواز کا کہناتھا کہ عمران خان نے کہا میں نہیں چاہتا تھا انٹیلی جنس آفیسر کی چھٹی ہو،عمران خان نے کہا وہ انٹیلی جنس آفیسر اس کی آنکھیں اور کان تھا،ہم کہتے ہیں وہ اس کے ہاتھ تھاجس سے یہ مخالفین کی گردنیں دبوچتا تھا،ایک تقرری کیا ہوئی اس کی آنکھیں بھی گئیں، کان بھی گئے،وہ آنکھیں اور کان نہیں بیساکھیاں تھیں جس پر اس کی حکومت کھڑی تھی۔
انہوں نے کہاکہ یہ جس مارچ پر بلا رہا ہے وہ آزادی مارچ نہیں گوگی بچاﺅ مارچ ہے،فرح گوگی کا کھرا سیدھا بنی گالا کو جاتا ہے،علیمہ باجی کی سلائی مشینوں کا تو سنا ہے ناں،کتنی بدنصیب ہے وہ بہن جس کو بچانے یہ کبھی نہیں آیا،عمران خان اپنی بہن کو بچانے نہیں آیا لیکن ٹی وی پر آکر کہتا ہے فرح نے کچھ نہیں کیا،عمران خان کے 4 سال میں 22 کروڑ عوام میں ایک فرح خان ہے جس کے پیسے بڑھتے رہے،انہوں نے کہاکہ فرح خان راتوں رات دبئی کیوں فرار ہو گئی؟فرح خان کا کاروبار اتنا ہی کامیاب تھا تو وہ پاکستان سے فرار کیوں ہو گئی، رانا ثنا نے کہاہے کہ فرح خان جہاں بھی ہو گی ڈھونڈ کر واپس لائیں گے۔
مریم نواز نے کہاکہ عمران خان کا اصل نام توشہ خان ہے،قوم کیلئے لنگر خانہ عمران کان کیلئے توشہ خانہ،عمران خان بنی گالا جاتے ہوئے 15 کروڑ کی آرمڈ بی ایم ڈبلیو ساتھ لے گیا،نوازشریف اور شاہد خاقان عباسی نے جاتے ہوئے سرکاری گاڑی نہیں لی،عمران خان جانتا ہے فارن فنڈنگ کیس کا فیصلہ آنے والا ہے،غیرقانونی فنڈنگ تم لو اور استعفیٰ چیف الیکشن کمشنر دے۔

یہ بھی پڑھیں: میٹرک کے سالانہ امتحانات کی تاریخ کا اعلان ہوگیا

مزیدخبریں