پاکستان، افغانستان اور چین کے وزرائے خارجہ کا اجلاس آج اسلام آباد میں ہو گا

May 06, 2023 | 09:58:AM

(ویب ڈیسک) پاکستان، افغانستان اور چین کے وزرائے خارجہ کا تجارتی تعلقات اور علاقائی استحکام پر مشاورتی اجلاس آج اسلام آباد میں ہو گا۔

پاک، افغان اور چین کے وزرائے خارجہ آج اسلام آباد میں بیٹھک کریں گے۔ اس اجلاس میں شریک ہونے کیلئے افغانستان اور چین کے وزیر خارجہ اپنے اپنے وفود کے ہمراہ ایک روز پہلے ہی اسلام آباد پہنچ چکے ہیں۔ 

وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کی دعوت چینی وزیر خارجہ دو روزہ سرکاری دورے پر پاکستان آئے ہیں۔ چینی وزیر خارجہ کا عہدہ سنبھالنے کے بعد یہ پہلا دورہ پاکستان ہے۔

یہ بھی پڑھیں:  پی ٹی آئی پر دباؤ ڈالنے کی کوشش ہو رہی کہ الیکشن کے آئینی مطالبے سے پیچھے ہٹ جائیں، اسد عمر

ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرہ بلوچ کا کہنا ہے کہ سہ ملکی وزرائے خارجہ اجلاس میں شرکت کیلئے افغانستان کے قائم مقام وزیر خارجہ مولوی امیر خان متقی بھی وفد کے ہمراہ اسلام آباد پہنچ چکے ہیں۔ 

اس اجلاس میں پاک افغان حکومت کے نمائندگان دو طرفہ سیاسی و تجارتی تعلقات، خطے میں امن و امان اور استحکام سمیت پاک افغان راہداری پر جامع مذاکرات بھی کریں گے۔ دوسری جانب پاک چین اسٹریٹجک مذاکرات کا چوتھا دور بھی ہوگا جس کی مشترکہ صدارت پاکستان اور چین کے وزرائے خارجہ کریں گے، ان مذاکرات میں دونوں ممالک کے درمیان مشترکہ تعاون کیلئے روڈ میپ بھی تیار کیا جائے گا اور دونوں فریقین سدا بہار کوآپریٹو پارٹنرشپ کی پائیدار مدت میں توثیق کریں گے۔

مزیدخبریں