پاکستان نے حج کوٹہ سعودی عرب کو واپس کردیا
Stay tuned with 24 News HD Android App
(ویب ڈیسک) پاکستان نے تاریخ میں پہلی مرتبہ حج کوٹہ سعودی عرب کو واپس کردیا،سرکاری سکیم کے تحت کم درخواستیں موصول ہونے پرحج کوٹہ واپس کرنا پڑا۔
وزرات مذہبی امور کے ذرائع کے مطابق سرکاری سکیم کا 8 ہزارعازمین کیلئے ملنے والا حج کوٹہ سعودی عرب کو واپس کردیا گیا ہے،حج کوٹہ واپس نہ کیا جاتا تو رہائش گاہوں کےکرائے اور دیگر اخراجات کی مد میں 24 ملین ڈالرز اضافی ادا کرنے پڑتے،مہنگے حج کے سبب پاکستانیوں نے درخواستیں کم جمع کرائیں جس کے بعد حج کوٹے کی واپسی کا فیصلہ وفاقی کابینہ نے کیا۔
دوسری جانب سعودی عرب کی اجازت کے باوجود پاکستانی خواتین عازمین حج اس سال بڑی سہولت سے محروم رہیں گی، وزارت مذہی امور کے ترجمان کا گزشتہ روز میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ سعودی عرب کی جانب سے محرم کے بغیر حج کرنے کی اجازت کے باوجود پاکستانی خواتین رواں سال اس سہولت سے محروم رہیں گی اور سابق قوانین کے تحت ہی حج کریں گی،انہوں نے کہا کہ اس سال پاکستانی حکومت کی جانب سے حج انتظامات سابق حج اسکیم کے تحت ہی کئے گئے ہیں اس لئے پاکستانی خواتین اس سال بغیر محرم حج کی سہولت سے محروم رہیں گے،ترجمان نے کہا کہ ہماری منظور کردہ پالیسی پرانی اسکیم کے تحت ہی ہے جس میں خواتین بغیرمحرم کے حج نہیں کر سکیں گی اورحج کیلئے ان کے ساتھ محرم کا ہونا لازمی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: محکمہ موسمیات نےبارش اور ژالہ باری کی پیشگوئی کر دی
ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ بغیر محرم کے حج پالیسی کا اثر ویسے بھی پاکستانی خواتین پر زیادہ نہیں پڑے گا کیونکہ وہ اپنے خاندان یا محرم کے ساتھ ہی حج کرنے کو ترجیح دیتی ہیں تاہم اہل تشیع خواتین کچھ حالات میں بغیر محرم کے بھی حج پر جا سکتی ہیں۔
خیال رہے کہ سعودی حکومت کی جانب سے نئی حج پالیسی میں دنیا بھر کی خواتین کو بغیر محرم کے بھی حج کرنے کی اجازت دی گئی ہے۔