ٹیم پاکستان نے پوری قوم کا سر فخر سے بلند کردیا

May 06, 2023 | 12:52:PM

(ویب ڈیسک) گزشتہ روز نیوزی لینڈ کے خلاف چوتھے ایک روزہ میچ میں فتح کے بعد پاکستان کرکٹ ٹیم نے آئی سی سی ون ڈے رینکنگ میں پہلی پوزیشن حاصل کرلی۔

جمعہ کو پاکستان ٹیم نے نیوزی لینڈ کو پانچ میچز کی سیریز کے چوتھے ون ڈے میں 102 رنز سے شکست دے کر سیریز میں 0-4 کی فیصلہ کن برتری حاصل کی اور ساتھ ہی آئی سی سی ون ڈے رینکنگ میں پہلی پوزیشن پر براجمان ہوگئی۔

کیویز کیخلاف سیریز کے چوتھے میچ میں بھی کامیابی اور ون ڈے کی نمبر ون ٹیم بننے پر وزیراعظم شہباز شریف اور صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے خصوصی پیغام جاری کیا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ آج کا دن بہت زبردست ہے قومی ٹیم ون ڈے میں نمبرون بن گئی، جس طریقے سے پاکستان نے نیوزی لینڈ کو شکست دی، ٹیم  بہت عمدہ کھیلی، کپتان بابر اعظم نے پوری قوم کا سر فخر سے بلند کردیا۔

دوسری جانب صدرمملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ پاکستان کرکٹ ٹیم کو ٹاپ ون ڈے رینکنگ حاصل کرنے پر مبارکباد دیتا ہوں، آپ نے ہمارا سر فخر سے بلند کردیا۔

صدر عارف علوی نے ٹوئٹ میں لکھا کہ میں پاکستان كو 2023ء کا ورلڈ کپ جیتتا ہوا دیکھنا چاہتا ہوں، محنت، ٹیم اسپرٹ اور اچھی قیادت کے ساتھ، یہ کام آپ کیلئے کوئی مشکل نہ ہوگا۔

اسکے ساتھ ساتھ چیئرمین منیجمنٹ کمیٹی پی سی بی نجم سیٹھی نے پاکستان کرکٹ ٹیم کے ون ڈے انٹرنیشنل میں عالمی نمبر ون بننے پر پوری قوم کو مبارکباد پیش کی ہے۔

اپنے ٹوئٹ میں نجم سیٹھی نے کہا کہ آج پاکستانی ٹیم نے نیوزی لینڈ کیخلاف چوتھا ون ڈے انٹرنیشنل جیت کر عالمی رینکنگ میں پہلی پوزیشن حاصل کی ہے یہ بہت ہی خوشی کا موقع ہے۔ کپتان بابراعظم، پوری ٹیم اور کوچنگ اسٹاف اس اہم موقع پر مبارکباد کے مستحق ہیں۔ مجھے اس ٹیم پر فخر ہے اور اس کیلئے نیک تمنائیں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مجھے یاد ہے کہ میرے پچھلے دور میں پاکستانی ٹیم ٹیسٹ اور ٹی ٹوئنٹی کی عالمی رینکنگ میں پہلے نمبر پر آئی تھی اور اب وہ ون ڈے میں بھی دنیا کی نمبر ون ٹیم بن گئی ہے۔ مجھے امید ہے کہ ہماری جو ٹریننگ ہو رہی ہے وہ ایشیاء کپ اور پھر ورلڈ کپ میں کام آئے گی۔ یہ عالمی رینکنگ تبدیل ہوتی رہتی ہیں لہذا یہ جو خوشی ملی ہے اسے منایا جائے۔

اسکے علاوہ پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے بھی قومی ٹیم کو مبارکباد دی۔

انہوں نے ٹوئٹ کرتے ہوئے لکھا کہ ’ون ڈے کی نمبر ون ٹیم بننا اور 102 رنز سے کامیابی حاصل کرنا شاندار ہے، ویلڈن کھلاڑیو‘۔

انہوں نے بابر اعظم کے ون ڈے میں 5 ہزار رنز مکمل ہونے اور میچ میں سنچری بنانے پر انہیں مبارکباد بھی دی اور اسامہ میر اور وسیم جونیئر کی بولنگ کی بھی تعریف کی۔

انہوں نے لکھا کہ ’لڑکو! پوری قوم کو بہت فخر ہے، آپ نے آنے والے ورلڈ کپ میں ہماری اُمیدیں بڑھا دی ہیں۔

مزیدخبریں