(ویب ڈیسک) ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں سپر 12 مرحلے کے آخری میچ میں بھارت نے زمبابوے کو 71 رنز سے شکست دیکر گروپ بی میں پہلی پوزیشن حاصل کرلی جبکہ زمبابوے کو ٹورنامنٹ سے باہر کردیا۔
میلبرن میں کھیلے جا رہے میچ میں بھارت کے کپتان روہت شرما نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔ پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے بھارتی ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 186 رنز اسکور کیے۔ سوریا کمار یادیو نے جارحانہ کھیل پیش کرتے ہوئے 25 گیندوں پر 4 چھکوں اور 6 چوکوں کی مدد سے 61 رنز کی اننگز کھیلی۔
دیگر کھلاڑیوں میں کپتان روہت شرما 15، کے اہل راہول 51، ویرات کوہلی 26، ریشبھ پنت 3 جبکہ ہاردک پانڈیا 18 رنز بناکر نمایاں رہے۔ زمبابوے کی جانب سے شان ولیمز نے 2 جبکہ رچرڈ نگروا اور بلیسنگ مزاربانی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
یہ بھی پڑھیے: پاکستانی شاہین ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں
ہدف کے تعاقب میں زمبابوے کا آغاز مایوس کن رہا، اوپنر ویسلی مدھویرے اور ریگیس چکابوا صفر، کپتان کریگ ارون 13، شان ولیمز 11، ٹونی مونیونگا 5، ویلنگٹن مساکادزا اور رچرڈ نگروا ایک ایک رن بناسکے۔
زمبابوے کی ٹیم 17.2 اوورز میں محض 115 رنز بناکر آل آؤٹ ہوئی البتہ سکندر رضا نے 34 اور ریان برل 35 کی مزاحمتی اننگز کھیلیں۔
بھارت کی جانب سے ایشون نے 3، محمد شامی اور ہاردک پانڈیا نے 2، 2 جبکہ بھنیشور کمار نے ایک وکٹ حاصل کی۔
قبل ازیں پاکستان نے بنگلہ دیش کو شکست دیکر سیمی فائنل تک رسائی حاصل کرنے کامیاب ہوا تھا۔