24 نیوز کی اسپیشل ٹرانسمیشن میں سابق کرکٹرزنے آئندہ اچھی ٹیموں کے ساتھ میچز کے پیش نظر ،ٹیم کی مزید بہتری پر زور دیا
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز) ٹونٹی فور نیوز کی اسپیشل ٹرانسمیشن ٹی ٹونٹی ورلڈکپ ہنگامہ میں سابق کرکٹرزآئندہ اچھی ٹیموں کے ساتھ میچز کے پیش نظر ٹیم کو مزید بہتر کرنے پر زور دیا ۔
سابق کرکٹر سلیم ملک کا کہنا تھا کہ آج کے اچھے کھیل کی وجہ سے بورڈ کی خامیوں پے پردہ نہیں پڑ سکتا، بے شک آج شاہین ، شاداب اور حارث نے بہت اچھا کھیل پیش کیا مگر اس سے بورڈ اور سلیکٹر کی خامیاں نہیں چھپ سکتیں ۔ انھوں نے کہا کہ ہمارے بورڈ کا سلیکشن کا پیمانہ درست نہیں ، ہمارے دور میں کئی کئی سیزن کھیلنے کے بعد پلئیر کو موقع ملتا تھا اور تب تک اس کی ٹیکنیک پختہ ہوچکی ہوتی ہے اور وہ مستقل مزاجی سے اچھا کھیل پیش کرسکتا ہے لیکن آج کل کوئی ایک میچ میں اچھا اسکور کر لیتا ہے اسے سلیکٹ کرلیا جاتا ہے ۔
سابق فاسٹ باولرمحمد عامر کا کہنا تھا کہ ہمارے سسٹم کی خامیاں ہیں جس میں یہ نہیں دیکھا جاتا کہ کس کھلاڑی نے ملک کے خدمات پیش کیں بلکہ عارضی شہرت کی بنا پر اسے ٹیم میں شامل کیا جاتا ہے ۔ انھوں نے کہا کہ رمیز راجہ نے آتے ہی پرانے کھلاڑیوں کی کارکردگی کو نظر انداز کرتے ہوئے انھیں فارغ کردیا اور حفیظ اور شعیب جیسے کھلاڑیوں کے ساتھ کیا کیا اور انہی حالات کو دیکھ کر نئے کھلاڑی بھی صرف اپنا ہی سوچتے ہیں جس کے نتیجے میں ٹیم اجتماعی کھیل پیش کرنے میں ناکام رہتی ہے ۔
سابق فاسٹ باولر وہاب ریاض کا کہنا تھا کہ بورڈ اور سلیکٹرز کی اپنی اپنی پسند اور ناپسند ہے جس کی وجہ سے ہر کھلاڑی کے ساتھ یکساں برتاو نہیں ہوتا اور ٹیم ایک اجتماعی کھیل نہیں پیش کرپاتی ۔ انھوں نے کہا کہ پرانے کھلاڑیوں کو بھی ٹیم میں شامل کرنا چاہیے تاکہ ایک اچھا کمبینیشن بن سکے اور ٹیم کی اجتماعی کارکردگی میں پختگی آسکے ۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر پرانے کھلاڑی کی فٹنس اچھی ہے تو اسے ضرور موقع ملنا چاہیے کیونکہ وہ اپنے ساتھ ٹیم کے اجتماعی کھیل میں اپنا تجربہ بھی شامل کرتا ہے جو اجتماعی کھیل کے لئے سودمند ہوتاہے ۔