شہبازشریف دو روزہ سرکاری دورے پر مصر پہنچ گئے
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز)وزیراعظم شہباز شریف، وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری و دیگر کابینہ ارکان کے ہمراہ دو روزہ سرکاری دورے پر مصر پہنچ گئے،وزیر اعظم شہباز شریف اقوام متحدہ کے تحت ماحولیاتی تبدیلی کے حوالے سے کاپ 27 میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔
وزیراعظم نارویجن ہم منصب کے ساتھ موسمیاتی تبدیلی سے متعلق مباحثے کی صدارت کریں گے،اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کے ایگزیکٹیو ایکشن پلان کے تحت ابتدائی وارننگ سسٹمز سے متعلق گول میز کانفرنس میں وزیراعظم شہباز شریف کا کلیدی خطاب بھی ہوگا۔
ماحولیاتی تبدیلی کے حوالے سے 27 ویں سالانہ کانفرنس میں موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کے لیے اجتماعی کوششوں کا جائزہ لیا جائے گا۔
دورے کے دوران پاکستانی وفد حالیہ سیلاب کی صورت میں موسمی تبدیلیوں سے سب سے زیادہ متاثرہ ممالک میں شامل ہونے کے باعث ترقی پذیر ممالک کی مدد کیلئے آواز اٹھائے گا۔
شرم الشیخ میں وزیراعظم شہباز شریف کی کئی عالمی رہنماؤں کے ساتھ سائیڈ لائن ملاقاتیں بھی ہوں گی۔