(ویب ڈیسک) اسرائیل کے وزیر اعظم بنیامین نیتن یاہو کا کہنا ہے کہ ہمارے خلاف جنگ شروع کرنا حماس کی بہت بڑی غلطی تھی۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے بیان میں اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو نے کہا کہ حماس نے ہمارے خلاف جنگ اپنے ساتھیوں کی رہائی نہیں بلکہ ہمیں ختم کرنے کیلئے شروع کی ہے، یہ حماس کی بڑی غلطی تھی، غلطی کے بعد حماس کا خاتمہ کر دیں گے، ہم مل کر ہی جیتیں گے۔
قبل ازیں اسرائیلی پائلٹس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نیتن یاہو نے کہا کہ بین الاقوامی مطالبات کے باوجود غزہ میں جنگ بندی نہیں ہوگی، ہمارے یرغمالیوں کی رہائی تک جنگ بندی نہیں ہو گی، اپنے دوستوں، دشمنوں دونوں کو بتا رہے ہیں انہیں شکست دینے تک جنگ جاری رکھیں گے۔
واضح رہے کہ غزہ میں اسرائیلی بربریت کو ایک ماہ مکمل ہوگیا، 30 روز گزرنے کے باوجود اسرائیلی بمباری جاری ہے، حملوں کے نتیجے میں اب تک فلسطینی شہداء کی تعداد 9 ہزار 770 ہو گئی، جن میں 4 ہزار 800 بچے شامل ہیں، بمباری سے غزہ میں 26 ہزار فلسطینی زخمی ہیں۔
فضائی بمباری کے ساتھ ساتھ مقبوضہ مغربی کنارے میں بھی اسرائیلی فوج کی چھاپہ مار کارروائیاں 7 اکتوبر سے مسلسل جاری ہیں، شہید فلسطینیوں کی تعداد 152 ہو گئی، مقبوضہ مغربی کنارے میں زخمی فلسطینیوں کی تعداد 2100 ہو گئی ہے۔