(حسن علی)استحکام پاکستان پارٹی کی مرکزی سیکرٹری اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے اسرائیلی وزیر دفاع کے بیان پر رد عمل دیتے ہوئے کہاہے کہ اسرائیلی وزیر دفاع کی جانب سے فلسطین پر "ایٹم بم "گرائے جانے کا بیان مسلم ممالک کو واشگاف دھمکی ہے،ان کا یہ بیان عالمی امن کو شدید خطرات سے دوچار کرنے کا باعث ہے،اسرائیل کا بیان انسانیت کش سوچ کی غمازی ہے جس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔
سیکرٹری اطلاعات آئی پی پی نے کہاکہ فلسطینی آبادی کے خاتمے کی سفاک اور بے رحم سوچ نے اسرائیل کی انسان دوستی کا پول کھول دیا ہے، اسرائیل نے اپنے آپ کو انسانیت کاعلمبردارہونے کی بجائے انسانیت کا دشمن ثابت کیا ہے ،دوسری جنگ عظیم میں جوہری حملوں کے زخم ابھی تک تازہ ہیں،جاپان پر گرائے جانے والے دو ایٹم بم پر ابھی تک انسانیت شرمندہ ہے۔
فردوس عاشق اعوان کاکہناتھا کہ کیا ابھی بھی عالمی برادری ایسے مزید کسی ایڈونچر کی متحمل ہو سکتی ہے ،اسرائیلی تفریح طبع کیلئے پوری دنیا کے امن و امن کو داو پر نہیں لگایا جا سکتا، عالمی برادری اور یو این او اپنا حقیقی کردار ادا کرنے سے قاصر نظر آ رہے ہیں ،یو این او کی اس حوالے سے ناکامی اقوام عالم کو واضح طور پر دو حصوں میں تقسیم کر سکتی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: نواز شریف اور آصف زرداری میں اتفاق ہو گیا