اردوسائنس بورڈ کے زیر اہتمام" افکار اقبال اور سائنس" کے موضوع پرسیمینار

Nov 06, 2023 | 21:12:PM

(24 نیوز) اردوسائنس بورڈ کے زیر اہتمام" افکار اقبال اور سائنس" کے موضوع پرایک روزہ سیمینار ہوا جس میں  ڈاکٹر اعجاز الحق کا کہنا تھا کہ جدید دور کے مسائل اور چیلنجز کاحل علامہ اقبال کے افکار میں موجود ہے۔
اردوسائنس بورڈ میں یوم اقبال کی مناسبت سے" افکار اقبال اور سائنس "کے موضوع  پر ایک روزہ سیمینار منعقد کیاگیا۔سیمینار کی صدارت پروفیسر ادارہ زبان وبیان ، پنجاب یونیورسٹی اور سابق ڈائریکٹر اقبال اکادمی پاکستان    ڈاکٹر بصیرہ عنبرین نے کی ، تقریب کے مہمان خصوصی چیئرمین اقبال ریسرچ انسٹی ٹیوٹ  لاہور ڈاکٹر محمد اعجازالحق اعجاز   تھے۔ ڈاکٹر اعجازالحق اعجاز نے اپنے کلیدی  خطاب میں کہا کہ علامہ اقبال دُنیا کے سب سے بڑے فلسفی اور مفکر تھے۔ انہیں مذہب، فلسفے اور سائنس سے گہری دلچسپی تھی۔ علامہ اقبال  نے اپنے کلام میں سائنس اور تحقیق پر زور دیا۔ علامہ اقبال کے افکار میں ہمارے دور کے مسائل اور چیلنجز کا حل موجود ہے۔ ہمیں علامہ اقبال کے افکار کے مطالعے اور اُن  پر عمل کرنے کی ضرورت  ہے۔انہوں  نے طلبا پر زور دیاکہ قدیم دور کے فلسفیوں سقراط، افلاطون اور ارسطو   اور جدید دور کے بڑے فلسفیوں کولازمی  پڑھیں۔ طلبا اپنے اند ر نئی سوچ اور فکر پیداکریں۔سائنس  اورتحقیق کی دُنیا میں آگے بڑھیں اور ملک و ملت کا نام روشن کریں۔

پروفیسر ڈاکٹر بصیرہ عنبرین نے اپنے صدارتی خطبہ میں کہا کہ علامہ اقبال شاعر ہونے  کے ساتھ ماہر نفسیات بھی تھے ۔ انہوں نے بچوں کے لیے شاعری سے آغاز کیا جواُن کی  اخلاقی تربیت کے لیے ہی لکھی گئی تھیں۔ علامہ اقبال کی شاعری کا محور نوجوان اور یہ خودی، عشق اور جدوجہد کا سبق دیتی ہے۔ اقبال نے  سائنس کو علم کا دروازہ   اورسائنس کو انسانی فلاح کی بجائے تباہی کے لیے استعمال کو غلط قرارد یا۔ڈاکٹر بصیرہ عنبرین نے طلبا پر زور دیا کہ وہ کائنات اور قرآن کی دعوت فکر پر غور کریں۔اقبال کا پیغام ہے کہ دوسروں پر انحصار کی بجائے خود سائنس اور تحقیق میں نام پیداکریں۔

انہوں نے  بورڈ کی طرف سے ایسے موضوعات پر سیمینار کے انعقاد کو خوش آئند قراردیا ۔سائنسی فکشن مصنفہ  تسنیم جعفری نے نے بھی سیمینار سے خطاب کیا اور طلبا کودلچسپ انداز میں سائنسی افسانچہ سنایاجسے طلبا نے بے حد پسند کیا۔اس سے قبل بورڈ کے افسر اشاعت ظہیر خالدقریشی نے ڈائریکٹر جنرل ادارۂ فروغِ قومی زبان پروفیسر ڈاکٹر محمد سلیم مظہر کی طرف سے سیمینار کے شرکا کو خوش آمدیدکہااورادارے کے قیام  کے اغراض  ومقاصد ، سائنسی علوم کے فروغ کے لیے کیے گئے اقدامات  اور شائع کردہ مطبوعات کے بارے میں بتایا۔ڈپٹی ڈائریکٹر اکیڈمکس انجینئر امین اختر نے اپنے اختتامی کلمات میں مقررین اور شرکا کا اردوسائنس بورڈ آمد اور سیمینار میں شرکت پر شکریہ اداکیا۔ مختلف سکولوں کے طلبا ، اساتذہ اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے وابستہ افراد نے سیمینار میں  شرکت کی۔

مزیدخبریں