وزیراعلیٰ سندھ نے کراچی میں واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ کیلئے ’اے ڈی بی‘ سے مدد مانگ لی

Nov 06, 2024 | 12:04:PM

(24نیوز)وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کراچی میں واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ (ٹی پی فور) لگانے کیلئے ایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی) سے مدد مانگ لی۔

ترجمان سندھ حکومت کے مطابق وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے ایشیائی ترقیاتی بینک کی کنٹری ڈائریکٹر مس ایما فین سے ملاقات کی، ملاقات کے دوران سندھ میں ایشیائی ترقیاتی بینک کی مدد سے جاری منصوبوں پر بات چیت کی گئی،اس موقع پر سیلاب متاثرین کے گھروں کیلئے پانی، صفائی ستھرائی اور حفظان صحت کے منصوبوں پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ سندھ حکومت ورلڈ بینک، ایشین بینک اور دیگر اداروں کی مدد سے سیلاب متاثرین کے محفوظ گھر بنا رہی ہے، سیلاب متاثرین کے 21 لاکھ گھروں کیلئے واش پروجیکٹ کی ضرورت ہے تاکہ واش روم اور نکاسی آب کا سسٹم بنایا جائے،انہوں نے سیلاب متاثرین کے گھروں کیلئے سولر پروجیکٹ کیلئے بھی مدد طلب کرتے ہوئے کہا کہ لوگ مہنگی بجلی کے متحمل نہیں۔

ایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی) نے دونوں منصوبوں میں مدد کی یقین دہانی کرا دی۔

مزیدخبریں