قومی ٹی 20 کا دوسرا مرحلہ آج قذافی اسٹیڈیم لاہور میں شروع ہوگا

Oct 06, 2021 | 10:17:AM

  (24 نیوز) آٹھ سال بعد یہ پہلا موقع ہوگا کہ جب لاہور دوبارہ نیشنل ٹی 20 کے میچز کی میزبانی کرے گا، اس سے قبل ٹورنامنٹ کا ایڈیشن 13ـ2012  قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلا گیا تھا۔

تفصیلات کے مطابق ٹورنامنٹ کے اٹھارویں ایڈیشن کے ابتدائی 18  میچز پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم راولپنڈی میں کھیلے گئے، جہاں تماشائیوں کو سنسنی خیز مقابلے دیکھنے کو ملے، ایونٹ کے دوران کرکٹ فینز کو مخصوص تعداد میں اسٹیڈیم میں داخلے کی مکمل اجازت ہے جبکہ وہ چاہیں تو گھر یا دفاتر میں بیٹھ کر پی سی بی یوٹیوب چینل پر بھی یہ میچز براہ راست دیکھ سکتے ہیں۔

لاہور مرحلے کا پہلا میچ  میزبان ہوم سٹی سینٹرل پنجاب اور ٹیبل ٹوپر جی ایف ایس سندھ کے مابین کھیلا جائے گا، دونوں ٹیمیں آٹھ آٹھ پوائنٹس کے ساتھ فی الحال پوائنٹس ٹیبل پر بالترتیب تیسرے اور پہلے نمبر پر براجمان ہیں۔بدھ کو شیڈول دوسرے میچ میں ناردرن اور بلوچستان کی ٹیمیں مدمقابل آئیں گی۔

سینٹرل پنجاب کے کپتان بابراعظم 71.5 کی اوسط سے 286 رنز بناکر اب تک ٹورنامنٹ کے ٹاپ اسکورر  ہیں۔ وہ ایونٹ  میں ایک سنچری بنانے کے ساتھ ساتھ ٹی 20 کرکٹ میں سب سے کم اننگز میں 7000 رنز بنانے والے پہلے بیٹسمین بھی بن گئے ہیں۔

بابراعظم کا کہنا ہے کہ وہ نیشنل ٹی 20 کو اس طرز کی کرکٹ کے سب سے مقبول ٹورنامنٹس میں شمار کرتے ہیں۔ یقین ہے کہ لاہور کے میچز  میں کھیل کا معیار مزید بڑھے گا۔ انہوں نے کہا کہ یہ ٹورنامنٹ آئی سی سی مینز ٹی ٹونٹی ورلڈکپ کی تیاریوں کے سلسلے میں ہماری بھرپور معاونت کررہا ہے، اس دوران کچھ نوجوان کھلاڑیوں کی کارکردگی قابل ستائش رہی ہے۔

بابراعظم نے مزید کہا کہ سینٹرل پنجاب کی ٹیم رواں سال اپنے ہوم گراؤنڈ  پر ٹائٹل جیتنے کی ہر ممکن کوشش کرے گی۔ٹیبل ٹوپر سندھ کے کپتان سرفراز احمد کا کہنا ہے کہ راولپنڈی میں کھیلا گیا ٹورنامنٹ کا پہلا مرحلہ سندھ کے لیے مثبت رہا اور وہ ٹورنامنٹ کے دوسرے مرحلے میں بھی اسی تسلسل کو برقرار رکھنے کی کوشش کریں گے، انہیں امید ہے کہ لاہور کی پچز پر رنز بنانے کے زیادہ مواقع ملیں گے، لہٰذا شرجیل خان اور خرم منظور جیسے بیٹرز کی موجودگی میں سندھ کی ٹیم قذافی اسٹیڈیم لاہور کی کنڈیشنز کا بھرپور فائدہ اٹھانے کی کوشش کرے گی۔

شاداب خان نے کہا کہ راولپنڈی میں  کھیلے گئے تمام میچز  میں دلچسپ مقابلے دیکھنے کو ملے، ناردرن ہمیشہ بے خوف کرکٹ کھیلتی ہے اور اسی برانڈ کی بدولت ان کی ٹیم نے گزشتہ دو ایڈیشنز میں بھی بہتر کھیل کا مظاہرہ کیا۔ انہوں نے اعتراف کیا کہ ٹیم کوفیلڈنگ اور کیچنگ کے شعبے میں بہتری کی ضرورت ہے۔ پرامید ہیں کہ لاہور میں ناردرن کی ٹیم  کھیل کے تینوں شعبوں میں عمدہ کھیل کا مظاہرہ کرے گیا۔

امام الحق کا کہنا ہے کہ بلاشبہ بلوچستان کی ٹیم ٹورنامنٹ کے پہلے مرحلے میں بہتر نتائج حاصل نہیں کرسکی تاہم اسکواڈ میں شامل تمام ارکان پرامید ہیں کہ ان کی ٹیم لاہور میں کھیلے جانے والے ٹورنامنٹ کے دوسرے مرحلے میں متاثرکن کارکردگی کا مظاہرہ کرے گی۔

یہ بھی پڑھیں:عمر شریف کو آج سپرد خاک کیا جائیگا

مزیدخبریں