(مانیٹر نگ ڈیسک)مسجدوزیر خان میں شوٹنگ اور مبینہ رقص کی ویڈیو بنانے پر اداکارہ صبا قمر اور بلال سعید پر فرد جرم عائد کے لیے تاریخ مقرر ۔
تفصیلات کے مطابق مسجد وزیر خان میں شوٹنگ اور ویڈیو بنانے کے معاملے پر اداکارہ صبا قمر اور بلال سعید کے کیس کی سماعت ہوئی، جوڈیشل مجسٹریٹ نے کیس پر سماعت کی۔عدالت میں اداکارہ صبا قمر اور بلال سعید نے اپنے وکیل بیرسٹر حامد لغاری کے ہمراہ علی الصبح پیش ہو کر حاضری مکمل کرائی۔ اس موقع پر اداکارہ صبا قمر برقع پہنے عدالت آئیں۔
پراسیکیوٹر کی جانب سے عدالت میں چالان جمع کرا دیا گیا۔ عدالت نے آئندہ سماعت پر ملزمان کو چالان کی نقول فراہم کرنے کا حکم دیتے ہوئے کیس کی سماعت 14 اکتوبر تک ملتوی کردی۔صبا قمر اور بلال سعید پر مسجد وزیر خان میں ڈانس کرنے کا مبینہ الزام عائد ہے۔ پراسیکیوٹر نے تفتیشی رپورٹ میں کہا ہے اداکارہ صبا قمر نے مسجد وزیر خان میں فلم کا سین عکس بند کرایا تھا۔ انہوں نے نکاح کے سیشن میں مسجد میں رقص کیا تھا اور دونوں ملزمان نے فلم کی شوٹنگ کے دوران مسجد کا تقدس پامال کیا۔
یاد رہے کہ گزشتہ برس اگست میں سوشل میڈیا پر صبا قمر اور بلال سعید کے گانے کی ریکارڈنگ کی ویڈیو وائرل ہوئی تھی جس میں لاہور کی تاریخی مسجد وزیر خان کے تقدس کو پامال کیا گیا تھا۔ ویڈیو پر سماجی اور مذہبی حلقوں سمیت سوشل میڈیا پر اس کی بھرپور مذمت کی گئی تھی۔
یہ بھی پڑھیں:ڈی جی خان میں افسوسنا ک وافعہ ۔۔تالاب میں نہاتے 5 بچے ڈوب گئے