21 اکتوبر کو نواز شریف کی واپسی کسی گارنٹی کا نتیجہ نہیں: اسحاق ڈار
Stay tuned with 24 News HD Android App
(ویب ڈیسک) مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما اور سابق وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کا کہنا ہے کہ نواز شریف کی وطن واپسی 21 اکتوبر کو ہو گی، ان کی واپسی کسی گارنٹی کا نتیجہ نہیں ہے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ قائد مسلم لیگ ن میاں نواز شریف کو وطن واپسی کے سفر کیلئے کسی گارنٹی یا یقین دہانی کی ضرورت نہیں، ان کی واپسی پر ضمانت کا عمل بھی ہو جائے گا، آج تک اس ملک میں کس کو حفاظتی ضمانت نہیں ملی، میں نے بھی حفاظتی ضمانت لینے سے انکار کیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: پٹرول کی قیمت میں 38 روپے کمی؟ آخر کار بڑی خبر آ ہی گئی
انہوں نے مزید کہا کہ ڈالر کی حقیقی قیمت 250 روپے ہے، ستمبر 2022 میں کہا تھا کہ ڈالر ریٹ 300 سے کم ہونا چاہیے، ڈالر کو 250 روپے کے قریب آنا چاہئے، کوئی وجہ نہیں کہ ڈالر کی قیمت واپس اوپر جائے، انٹر بینک سسٹم اور ایکسچینج کمپنیاں ذمہ داری کا مظاہرہ کر رہی ہیں، ہمارے دور میں بھی ڈالر کی سمگلنگ اور ذخیرہ اندوزی کیخلاف ایکشن لیا گیا تھا۔
اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ امید ہے آئی ایم ایف کا اگلا اقتصادی جائزہ کامیاب ہوگا جس کے نتیجے میں پاکستان کو 70 کروڑ ڈالر کی ایک اور قسط ملے گی، تمام قوتیں مل کر کام کر رہی ہیں، کوئی قوت مجھے ناکام نہیں کرنا چاہتی تھی، سب قوتیں مل کر کام کریں گی تو ملک آگے بڑھے گا۔
پاکستانی معیشت سے متعلق بات کرتے ہوئے سابق وفاقی وزیر خزانہ نے کہا کہ پاکستان کو دوبارہ معاشی قوت بنا کر جی ٹونٹی (G.20) میں شامل کرنا ہے، مہنگائی کے خاتمے اور عوامی مسائل حل کرنے کیلئے ہمت کی ضرورت ہے۔