رحیم یارخان: کچے میں آپریشن،سابق ایس ایچ اوماچھکہ کی شہادت میں ملوث دو ڈاکوہلاک
آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی ڈی پی او اور ٹیم کو شاباش، ٹارگیٹڈ کارروائیاں جاری رکھنے کاعزم
Stay tuned with 24 News HD Android App
(فرحان اقبال) پنجاب پولیس نے رحیم یارخان میں کچہ ماچھکہ کے علاقے موضع سکندر چاچڑ میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کرتے ہوئے سابق ایس ایچ او تھانہ ماچھکہ سب انسپکٹر رانا رمضان کی شہادت میں ملوث خطرناک ڈاکو سرمد بھائیو اورساجن ملوکانی کو ہلاک کر دیا۔
ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق ڈاکوؤں نے پولیس کو دیکھ کر شدید فائرنگ شروع کردی، فائرنگ کے تبادلے میں دونوں ڈاکو ہلاک ہوگئے جو دہشت گردی سمیت جرائم کی متعدد سنگین وارداتوں میں مطلوب تھے،ان سے کلاشنکوف سمیت سینکڑوں گولیاں بھی برآمد کی گئیں۔
ڈی پی او رحیم یار خان کا کہنا ہے کہ پولیس نے ڈاکوؤں کی موجودگی کی اطلاع پر ٹارگٹڈ آپریشن کیا،مقابلے کے دوران ہلاک ہونے والے ڈاکوؤں کے دیگر ساتھی اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے کماد کی فصل میں فرار ہو گئے جبکہ پولیس کی بھاری نفری کا علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے۔
ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق آپریشن میں ایس ایچ او ماچھکہ جام اعجاز،ایس ایچ او بھونگ نوید واہلہ ،انچارج سی آئی اے سیف اللہ ملہی کے ہمراہ پولیس کی بھاری نفری نے حصہ لیا، پولیس کو بکتر بند گاڑیوں، جدید اسلحہ، نائٹ ویژن ٹیلی سکوپس اور ایلیٹ کمانڈوز کی مدد حاصل تھی۔
آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کچے کے ڈاکوؤں کے خلاف کامیاب کارروائی پر ڈی پی او رضوان عمر گوندل اوران کی ٹیم کو شاباش دیتے ہوئے کہاہے کہ کچہ کریمنلز کے خلاف پولیس کی ٹارگیٹڈ کارروائیوں کا سلسلہ جاری رہے گا اور اس علاقے کو ڈاکوؤں، دہشت گردوں اور شر پسند و جرائم پیشہ عناصر سے پاک کر کے دم لیں گے۔
۔۔۔۔۔