قتل یاخودکشی؟بھارتی اداکار وسابق کرکٹر سلیل انکولا کی والدہ کی پراسرارموت
ٹی وی کےمعروف اداکارکی والدہ اپنے فلیٹ میں مردہ پائی گئیں جن کاگلاکٹاہواتھا
Stay tuned with 24 News HD Android App
(ویب ڈیسک) بھارتی ٹیلی ویژن انڈسٹری کے ہارر ڈرامے "وکرال گبرال" اور "اش کوئی ہے" میں مرکزی کردار ادا کرنےوالے اداکار و سابق کرکٹر سلیل انکولا کی والدہ کی گلا کٹی لاش برآمد ہوئی ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق اداکار سلیل انکولا کی 77 سالہ والدہ 4 اکتوبر جمعہ کے روز پونے میں واقع اپنے فلیٹ میں مردہ حالت میں پائی گئیں،پولیس کا کہنا ہے کہ 77 سالہ مالا اشوک انکولا کا گلا کٹا ہوا تھا جبکہ زخم دیکھ کرلگ رہا ہے کہ اُنہوں نے خود اپنا گلا کاٹ کر خودکشی کی ۔
بھارتی پولیس کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ اُس وقت سامنے آیا کہ جب مالا اشوک کی ملازمہ کام کرنے کے لیے فلیٹ پر آئی اوراداکار کی والدہ نے دروازہ نہیں کھولا تو ملازمہ نے پریشانی کے عالم میں اُن کے رشتہ داروں کو اطلاع دی،جب فلیٹ کا دروازہ کھولا گیا تو اداکار کی والدہ مردہ حالت میں تھیں، اُن کا گلا کٹا ہوا تھا اور بظاہر ایسا لگتا ہے کہ اُنہوں نے کچن میں استعمال ہونے والی چھری سے اپنا گلا کاٹا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق مالا اشوک انکولا ذہنی مرض میں مبتلا تھیں اور شاید اسی وجہ سے اُنہوں نے اپنی جان لی۔
اس حوالے سے ڈپٹی کمشنر آف پولیس (ڈی سی پی) سندیپ گل کاکہناہے کہ ہمیں اُن کی لاش مشکوک حالت میں ملی،ہم اس بات کی تحقیقات کر رہے ہیں کہ یہ قدرتی موت ہے، خودکشی ہے یا پھر قتل۔
سلیل انکولا نے لیجنڈ کرکٹر سچن ٹنڈولکر کے ساتھ نومبر 1989 میں ٹیسٹ ڈیبیو کیا تھا اور اس ٹیسٹ میں دو وکٹیں لی تھیں لیکن اس کے بعد وہ کوئی ٹیسٹ میچ نہ کھیل سکے،وہ ون ڈے میں بھی سچن ٹنڈولکر کے ساتھ ڈیبیو کرنے والے کھلاڑیوں میں شامل تھے تاہم بھارت کیلئے محض 20 میچز کھیل سکے،سلیل انکولا نے 1998 میں 28 سال کی عمر میں پیشہ ورانہ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لے لی تھی،پھر فلموں اور ڈراموں میں کام کرنے لگے تھے۔