شوبزمیں آنے سے قبل ایئرہوسٹس تھیں،ازیکا ڈینیئل کاانکشاف
2010ء میں ملازمت چھوڑ کرماڈلنگ شروع کی،پہلے شوٹ کےلیے جاپان گئی تھی
Stay tuned with 24 News HD Android App
(ویب ڈیسک) اداکارہ و ماڈل ازیکا ڈینیئل نے انکشاف کیا ہے کہ وہ شوبز میں آنے سے قبل بطورِ ایئرہوسٹس ملازمت کرتی تھیں اوراس دوران کئی بارہراسانی کاسامناکرناپڑاتھا۔
ایک انٹرویو کے دوران ازیکا ڈینیئل نے اپنے کیریئر کے بارے میں کھل کر باتیں کی، اداکارہ نے کہا کہ میں پہلے ایئرہوسٹس تھی اور دورانِ ملازمت مجھے کئی بار ڈراموں اور ماڈلنگ کی پیش کش ہوئی تھی جس پر میں نے سال 2010 میں ایئرہوسٹس کی ملازمت چھوڑ کر بطورِ ماڈل اپنے شوبز کیریئر کا آغاز کیا اور اپنے پہلے شوٹ کے لیے جاپان گئی تھی۔
اداکارہ نے کہا کہ کیریئر کی شروعات میں لگتا تھا کہ میں اداکاری نہیں کرسکوں گی، اسی وجہ سے اپنے پہلے پراجیکٹ کے بعد ہی کام کرنا چھوڑ دیا تھا اور دو سال تک شوبز کا کوئی پراجیکٹ نہیں کیا تھا پھر باقاعدہ اپنے شوبز کیریئر کا آغاز کیا اور کئی ڈراموں میں اداکاری کی۔
ازیکا ڈینیئل نے کہا کہ جب میں بطورِ ایئرہوسٹس ملازمت کرتی تھی تو فضائی سفر کے دوران کئی افراد مجھے اپنا بزنس کارڈ دیتے تھے جس پر مجھے بہت غصہ آتا تھا لیکن اپنی ملازمت کی وجہ سے خاموش رہتی تھی،ایئرہوسٹس کو دورانِ پرواز بزنس کارڈ دینا ہراسانی ہے اور اب اس طرح کی ہراسانی میں دن بدن اضافہ ہی ہورہا ہے۔
معروف اداکارہ نے کہا کہ اب تو کام کی جگہوں پر خواتین کو ہراساں کرناعام سی بات ہے، ہراسانی کے خلاف مختلف پلیٹ فارمز پر تحریک بھی چلائی گئی لیکن ان واقعات میں کوئی کمی نہیں آئی،خواتین کوہراساں کرنےوالے افراد یہ سمجھتے ہیں کہ اگر کوئی لڑکی کام کے لیے گھر سے نکل رہی ہے تو وہ اپنے لیے رشتہ تلاش کرنے کے لیے نکلی ہے۔