پی ٹی آئی نے ہمیشہ احتجاج کی آڑ میں تشدد کا راستہ اپنایا ،تمام کرداروں کو کیفر کردار تک پہنچایا جائےگا،حکومت کا دوٹوک اعلان

وزیر اعظم ،وزیرداخلہ کا کانسٹیبل عبدالحمید کی شہادت پر اظہار افسوس، شہید کانسٹیبل عبدالحمید شاہ کے خاندان کی مکمل دیکھ بھال کی جائے گی،محسن نقوی

Oct 06, 2024 | 13:19:PM

(24 نیوز) وزیراعظم محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی نے ہمیشہ احتجاج کی آڑ میں تشدد کا راستہ اپنایا ،تمام کرداروں کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے،وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ شہید عبدالحمید شاہ پر تشدد کرنے والوں کو انصاف کے کٹہرے میں کھڑا کیا جائے گا۔

وزیراعظم محمد شہباز شریف نےپی ٹی آئی مظاہرین کے پتھراؤ سے اسلام آباد پولیس کے اہلکار عبد الحمید کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے،وزیراعظم نے واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے،وزیراعظم نےشہید اہلکار کی بلندی ء درجات کی دعاء اور اہل خانہ سے اظہار تعزیت کیا ہے،وزیراعظم نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی نے ہمیشہ احتجاج کی آڑ میں تشدد کا راستہ اپنایا ۔

وزیر اعظم نے کہا ہے کہ اسی سیاسی جماعت نے ماضی میں سرکاری ٹی وی کی عمارت پر حملہ کیا اور پارلیمنٹ ہاؤس کا گیٹ توڑا ، وزیراعظم نے واقعے میں ملوث تمام افراد کو کیفر کردار تک پہنچانے کی ہدایت کردی ۔

ضرورپڑھیں:پی ٹی آئی مظاہرین کے پتھراؤسے اسلام آباد پولیس کا اہلکار شہید

دوسری جانب وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نےشرپسندوں کے تشدد سے پولیس کانسٹیبل عبدالحمید شاہ کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے،وزیر داخلہ محسن نقوی نے شہید کانسٹیبل عبدالحمید شاہ کے لواحقین سے دلی ہمدردی و تعزیت کا اظہارکیا ہے،وزیر داخلہ نے آئی جی اسلام آباد پولیس کو شہید کانسٹیبل عبدالحمید شاہ پر تشدد کرنے والے شرپسندوں کی جلد از جلد گرفتاری کی ہدایت کردی ہے۔

محسن نقوی نے کہا ہے کہ شہید عبدالحمید شاہ پر تشدد کرنے والوں کو انصاف کے کٹہرے میں کھڑا کیا جائے گا ،دوران ڈیوٹی شہادت کا اعلیٰ رتبہ پانے پر عبدالحمید شاہ کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں،غم کی گھڑی میں سوگوار خاندان کے غم میں برابر کے شریک ہیں اور ان کے ساتھ کھڑے ہیں،شہید کانسٹیبل عبدالحمید شاہ کے خاندان کی مکمل دیکھ بھال کی جائے گی۔

مزیدخبریں