(اویس کیانی)وزیراعظم شہبازشریف نے کہا ہے کہ سیاسی مخالفین کو پاکستان کی معیشت میں بہتری ہضم نہیں ہو رہی، دنیا پاکستان کی معاشی پالیسیوں کی معترف ہے، سیاسی مخالف پاکستان کی ترقی میں رخنہ ڈالنا چاہتے ہیں ۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف سے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ملاقات کی،وفاقی وزیر داخلہ نے وزیراعظم کو اسلام آباد کی تازہ ترین صورتحال پر بریفنگ دی ۔وزیراعظم شہباز شریف نے اسلام آباد کی امن و امان کی صورتحال کو قابو میں رکھنے کے حوالے سے وفاقی وزیر داخلہ، اسلام آباد انتظامیہ اسلام آباد پولیس کی ستائش کرتے ہوئے کہاکہ اسلام آباد پر دھاوے کو ناکام بنانے پر اسلام آباد پولیس نے شاندار کردار ادا کیا، پاک فوج، پنجاب پولیس اور رینجرز کے دستوں نے بھی اسلام آباد میں امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے میں کلیدی کردار ادا کیا ۔
وزیراعظم شہبازشریف کاکہناتھا کہ کانسٹیبل حمید شاہ نے عوام کے جان و مال کا تحفظ کرتے ہوئے جام شہادت نوش کیا، اللہ تعالیٰ شہید کے درجات بلند فرمائیں،قوم یہ قربانی ہمیشہ یاد رکھے گی۔وزیراعظم نے ہدایت کی کہ شہید کانسٹیبل کے اہلخانہ کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں، شہید کے اہل خانہ کا مکمل طور پر خیال رکھا جائے۔
وزیراعظم نے کہا کہ اسلام آباد کی شہریوں کی جان و مال کے حفاظت کو یقینی بنایا گیا،صورتحال تیزی سے معمول کی طرف لوٹ رہی ہے، معیشت کی ترقی اور مملکت خداداد کی خوشحالی ہماری اولین ترجیح ہے،سیاسی مخالفین کو پاکستان کی معیشت میں بہتری ہضم نہیں ہو رہی، دنیا پاکستان کی معاشی پالیسیوں کی معترف ہے، سیاسی مخالف پاکستان کی ترقی میں رخنہ ڈالنا چاہتے ہیں ۔
انہوں نے کہاکہ پاکستان کی معیشت کے حوالے سے کسی کو غیر قانونی طور پر عدم استحکام پیدا نہیں کرنے دیں گے، آنے والے دنوں میں پاکستان میں ہونے والی بین الاقوامی تقاریب معمول کے مطابق ہوں گی،سکیورٹی کے بہترین اور اعلیٰ معیار کے انتظامات کئے جا رہے ہیں جس پر پوری توجہ ہے ۔
وزیرداخلہ محسن نقوی نے بریفنگ دیتے ہوئے کہاکہ اہم شاہراہیں ٹریفک کیلئے کھول دی گئی ہیں ،صورتحال تیزی سے معمول پر آ رہی ہے ۔وزیر داخلہ نے وزیراعظم کو سری لنکا سے پاکستانی قیدیوں کی واپسی پر بھی بریفنگ دی، انہوں نے کہاکہ سری لنکا میں قید 56 پاکستانی قیدی آج وطن واپس پہنچیں گے ،وفاقی وزیر نجکاری عبد العلیم خان سری لنکا سے پاکستانی قیدیوں کی وطن واپسی کے تمام اخراجات برداشت کریں گے ۔
وزیراعظم نے سری لنکا سے قیدیوں کی واپسی کے حوالے سے وفاقی وزیر داخلہ اور وفاقی وزیر نجکاری کی کوششوں کی تعریف کی۔
یہ بھی پڑھیں:معروف پاکستانی اداکارہ عظمیٰ حسن لندن میں لٹ گئیں, چورکیا کچھ ساتھ لے گئے؟تفصیلات شیئرکردیں