(اویس کیانی)وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑنے کہاہے کہ علی امین گنڈاپور ایک غیر ذمہ دار شخص ہیں،وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا 24 گھنٹے تک کہاں تھے؟ یہ پہلے بھاگتے ہیں پھر روپوش ہوئے ہیں ۔
عطا اللہ تارڑ کا کہناتھا کہ علی امین گنڈاپور حواریوں کو اسلام آباد لا کر خود بھاگ گئے، بنیادی سوال ہے کہ علی امین گنڈاپور پچھلے چوبیس گھنٹے کہاں تھے؟، آپ پر تو 9 مئی ثابت ہے ، تحریک انصاف کا مکروہ چہرہ آپ نے دیکھ لیا ، جھوٹ ان کا وطیرہ ہے ان کا منصوبہ ناکام ہوا ، ملک کی ترقی میں رکاوٹیں ڈالنے والے ایکسپوز ہوں گے ، ان کاکہناتھا کہ پورے ملک میں مہم شروع کی گئی کہ علی امین گنڈاپور کو اغواء کرلیا گیا،بتانا ہوگا کہ علی امین گنڈاپور نے یہ ڈرامہ کیوں رچایا؟،جھوٹ کے پاؤں نہیں ہوتے، ان کا جھوٹ پوری دنیا کے سامنے بے نقاب ہو گیا۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ ان کا منصوبہ بری طرح ناکام ہو گیا ہے، یہ سرکاری املاک کو نقصان پہنچانا چاہتے تھے، یہ پاکستان کو غیر مستحکم کرنا چاہتے تھے، جب ان کے تمام منصوبے ناکام ہو گئے تو یہ اپنے لوگوں کو چھوڑ کر بھاگ گئے، 9 مئی کے واقعات میں ان کے خلاف تمام ثبوت ریکارڈ پر موجود ہیں،عمر ایوب، شاندانہ گلزار اور بیرسٹر سیف اور دیگر کے بیانات کی قلعی کھل گئی ہے، انہوں نے کہاکہ تحریک انتشار کا مکروہ چہرہ پوری قوم نے دیکھ لیا ہے، تبدیلی کا جذبہ، تبدیلی کا جنون، انا للہ و انا لیہ راجعون، ہمارا موقف درست ثابت ہوا، ان کا منصوبہ ناکام ہوا، پاکستان کی معیشت بہتر ہو رہی ہے، انشاء اللہ ان کا منصوبہ ناکام ہوگا۔