کراچی ایئر پورٹ کے قریب زوردار دھماکا ،ایک شخص جاں بحق، 4زخمی

Oct 06, 2024 | 23:19:PM
کراچی ایئر پورٹ کے قریب زوردار دھماکا ،ایک شخص جاں بحق، 4زخمی
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24نیوز)کراچی ایئرپورٹ کے قریب زوردار دھماکے میں ایک شخص جاں بحق اور 4زخمی ہو گئے، جن میں ایک کی حالت نازک ہے۔

تفصیلات کے مطابق کراچی ائیرپورٹ کے سگنل کے قریب دھماکہ ہوا ہے، دھماکے کی آواز کریم آباد، ڈیفنس اور جمشید روڈ کے اطراف بھی سنی گئی ،دھماکے کے بعد فضا میں دھویں کے بادل چھا گئے،ابتدائی معلومات کے مطابق دھماکا آئل ٹینکر میں ہوا ، جس کے باعث دیگر گاڑیوں کو بھی آگ لگ گئی، فائر بریگیڈکی گاڑیاں آگ بجھانے کی کوشش کررہی ہیں، پولیس اور رینجرز اہلکار بھی جائے دھماکا پر پہنچ گئے ہیں۔حکام کا کہنا ہے کہ دھماکا کراچی ائیرپورٹ کی حدود میں نہیں ہوا، ائیرپورٹ کی تمام تنصیبات محفوظ ہیں۔

وزیر داخلہ سندھ ضیا الحسن لنجار نے پولیس کو ہدایت کی ہے کہ ریسکیو کے عمل کو تیز کیا جائے،متاثرہ شہریوں کو فوری ہسپتال منتقل کیا جائے۔

دوسری جانب وزیر اعلیٰ سندھ  مراد علی شاہ نے کراچی ایئرپورٹ کے قریب آئل ٹینکر میں دھماکے کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے آئی جی پولیس سے واقعے کی رپورٹ طلب  کر لی، وزیراعلیٰ سندھ نے کہاکہ دھماکے کی نوعیت کے بارے میں تفصیلی آگاہی دی جائے اورزخمیوں کو بہترین طبی امداد فراہم کی جائے۔

چھیپا ذرائع کا کہنا ہے کہ جناح انٹرنیشنل ایئر پورٹ سگنل پر دھماکے میں ایک شخص جاں بحق جبکہ 4شدید زخمی ہوئے،جاں بحق و زخمی ہونے والے افراد کو چھیپا ایمبولینس کے ذریعے جناح ہسپتال منتقل کیا جارہا ہے۔ذرائع کا مزید کہناتھا کہ جاں بحق و زخمی ہونے والے افراد کی شناخت تا حال نہ ہوسکی۔

ایئرپورٹ حکام کا کہنا ہے کہ کراچی ایئرپورٹ پر کمرشل پروازوں کا فلائٹ آپریشن معمول کے مطابق جاری ہے، مسافروں کیلئے ایئرپورٹ آنے والی سڑک کھلی ہے۔ 

دیگر کیٹیگریز: پاکستان - سندھ
ٹیگز: