کراچی: ایئرپورٹ کے قریب آئل ٹینکر میں دھماکہ، 3 افراد جاں بحق، 17 زخمی

دھماکہ گاڑی میں وی بی آئی ای ڈی کے ذریعے کیا گیا،معائنے کے دوران معلوم ہوا کہ خود کش حملہ غیر ملکیوں کے وفد پر ہوا: بم ڈسپوزل اسکواڈ کی ابتدائی رپورٹ تیار

Oct 06, 2024 | 23:19:PM

(24نیوز) جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے قریب آئل ٹینکر میں دھماکے سے 3 افراد جاں بحق جبکہ 17 زخمی ہوگئے۔

ایئرپورٹ سگنل کے قریب آئل ٹینکر زور دار دھماکے سے پھٹ گیا جس کی آواز دور تک سنی گئی، اطراف میں رہنے والے لوگ گھروں سے باہر نکل آئے، رینجرز اور پولیس نے موقع پر پہنچ کر علاقے کو گھیرے میں لے لیا، فائر بریگیڈ کی گاڑیاں موقع پر پہنچ کر آگ بھجانے میں مصروف ہوگئیں۔

آگ لگنے سے تین گاڑیاں اور چار موٹر سائیکلیں تباہ ہوگئیں، امدادی ٹیموں نے ایک گھنٹے کی طویل جدوجہد کے بعد ٹینکر اور گاڑیوں کی آگ بجھا دی، دھماکے کے بعد شارع فیصل کے اطراف میں بدترین ٹریفک جام ہوگیا، گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔

ڈی آئی جی ایسٹ نے بتایا کہ دھماکے نتیجے میں 3 افراد جاں بحق جبکہ 17 زخمی ہوگئے، جاں بحق اور زخمیوں کو فوری طور پر ہسپتال منتقل کر دیا گیا، زخمیوں میں خاتون، 3 سکیورٹی، 2 رینجرز اور ایک پولیس اہلکار، غیر ملکی اور دیگر افراد شامل ہیں، سی ٹی ڈی اور بم ڈسپوزل سکواڈ کی ٹیمیں بھی موقع پر پہنچ گئیں اور شواہد اکٹھے کئے۔

وزیر داخلہ سندھ ضیا الحسن لنجار نے پولیس کو ہدایت کی ہے کہ ریسکیو کے عمل کو تیز کیا جائے،متاثرہ شہریوں کو فوری ہسپتال منتقل کیا جائے۔

دوسری جانب وزیر اعلیٰ سندھ  مراد علی شاہ نے کراچی ایئرپورٹ کے قریب آئل ٹینکر میں دھماکے کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے آئی جی پولیس سے واقعے کی رپورٹ طلب  کر لی، وزیراعلیٰ سندھ نے کہاکہ دھماکے کی نوعیت کے بارے میں تفصیلی آگاہی دی جائے اورزخمیوں کو بہترین طبی امداد فراہم کی جائے۔

چھیپا ذرائع کا کہنا ہے کہ جناح انٹرنیشنل ایئر پورٹ سگنل پر دھماکے میں ایک شخص جاں بحق جبکہ 4شدید زخمی ہوئے،جاں بحق و زخمی ہونے والے افراد کو چھیپا ایمبولینس کے ذریعے جناح ہسپتال منتقل کیا جارہا ہے۔ذرائع کا مزید کہناتھا کہ جاں بحق و زخمی ہونے والے افراد کی شناخت تا حال نہ ہوسکی۔

ایئرپورٹ حکام کا کہنا ہے کہ کراچی ایئرپورٹ پر کمرشل پروازوں کا فلائٹ آپریشن معمول کے مطابق جاری ہے، مسافروں کیلئے ایئرپورٹ آنے والی سڑک کھلی ہے۔ 

علاوہ ازیں کراچی ائیر پورٹ کے قریب دھماکہ کے حوالے سے بم ڈسپوزل اسکواڈ نے ابتدائی رپورٹ تیار کرلی،دھماکہ گاڑی میں وی بی آئی ای ڈی کے ذریعے کیا گیا،

دھماکہ جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر روانگی کے سگنل پرا ہوا،معائنے کے دوران معلوم ہوا کہ خود کش حملہ غیر ملکیوں کے وفد پر ہوا،دھماکے کے نتیجے میں 12 گاڑیوں کو بری طرح نقصان پہنچا جبکہ 3 مکمل تباہ ہوئیں،تقریباً 70 سے 80 کلو گرام کمرشل دھماکہ خیز مواد استعمال کیا گیا۔

مزید حتمی رپورٹ بلاسٹ کی تحقیقاتی رپورٹ سورج کی روشنی میں فائنل کی جائے گی۔

مزیدخبریں