یوم دفاع جرات، بہادری اورحب الوطنی کی علامت ہے۔۔صدر مملکت.وزیراعظم
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24 نیوز) صدر مملکت عارف علوی نےکہنا کہ یوم دفاع قوم کے شہیدوں اور غازیوں کے خراج تحسین پیش کرنا ہے، افواج پاکستان نے قوم کی مدد سے دشمن کو ہر محاذ پر شکست دی۔
صدر مملکت عارف علوی نے یوم دفاع و شہدا کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ افواج پاکستان نے جراتمندی سے دشمن کے عزائم کو خاک میں ملایا، افواج پاکستان نے پوری قوم کی مدد سے دشمن کو ہر محاذ پر شکست دی، دفاع وطن کی خاطر افسروں اور جوانوں نے جانوں کا نذرانہ پیش کیا، شہدا کے خاندانوں کو ان کے حوصلے پر خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔
صدر مملکت کا کہنا تھا کہ مسلح افواج، سیکیورٹی اداروں نے ملک کو درپیش چیلنجز پر کامیابی سے قابو پایا، مسلح افواج، سیکیورٹی ادارے ملکی داخلی سلامتی میں فعال کردار ادا کر رہے ہیں، ہماری مسلح افواج اقوام متحدہ کے پرچم تلے عالمی امن برقرار رکھنے میں تعاون کر رہی ہیں، پاکستان اپنے اردگرد ہونے والی تمام تبدیلیوں سے پوری طرح آگاہ ہے، ہم مقبوضہ کشمیر پر اپنے اصولی موقف سے کبھی پیچھے نہیں ہٹیں گے، کشمیری عوام کے حق خودارادیت کے لیے ان کے ساتھ کھڑے ہیں۔
وزیراعظم عمران خان نے یوم دفاع پر اپنے پیغام میں کہا کہ زندہ قومیں آزمائشوں سے گزر کر اور زیادہ مضبوط ہو جاتی ہیں، 1965 میں پاکستانی قوم مضبوط چٹان کی طرح دشمن کے سامنے ڈٹ گئی، 6 ستمبر کو بھارت نے پاکستان پر غیر اعلانیہ جنگ مسلط کی، پوری قوم اٹھ کھڑی ہوئی، بہت سے لوگ نہتے پیدل ہی سرحدوں کی جانب چل پڑے، بہادر افواج نے ثابت کیا وطن کی حفاظت کیلئے ہمہ وقت تیار ہیں، ہمارے جوان جان کی پرواہ کیے بغیر جرات و بہادری سے لڑے۔ انہوں نے کہا 6 ستمبر مسلح افواج کے شہدا اور غازیوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کا دن ہے، ہمارے شہدا اور غازی ہمیشہ سے قوم کی امید اور فخر رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:یوم دفاع کے موقع پر مزار قائد پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب