(24 نیوز) وزیر اعظم عمران خان نے اطالوی وزیرخارجہ لیوگی ڈی مائیو کیساتھ ملاقات میں کہا ہے کہ عالمی برادری افغان عوام کے ساتھ یکجہتی کرے۔
اطالوی وزیر اور عمران خان کی ملاقات میں دوطرفہ باہمی تعلقات اور افغانستان کی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال گیا۔
عمران خان نے کہا کہ افغانستان میں طویل تنازع اور عدم استحکام کی وجہ سے پاکستان کو بہت زیادہ نقصان اٹھانا پڑا ہے۔ ایک پرامن، محفوظ اور مستحکم افغانستان پاکستان اور علاقائی ممالک کے بہترین مفاد میں ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ افغانستان میں سکیورٹی کی صورتحال،امن و امان کا استحکام ضروری ہے۔ کسی بھی بحران سے بچنے کیلئے معاشی استحکام ترجیح ہونی چاہئے۔
وزیراعظم نے مختلف شعبوں میں تعاون کو بڑھانے کی اہمیت پر زور دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اٹلی پاکستان تجارت، سرمایہ کاری اور دفاع میں اہم شراکت دار ہیں۔
اطالوی وزیر خارجہ نے انخلا کی کارروائیوں میں سہولت فراہم کرنے پر پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔ مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون بڑھانے کیلئے اٹلی کے عزم پر زور دیا۔
اطالوی وزیر خارجہ نے وزیراعظم عمران خان کو اٹلی کے دورے کی دعوت دی۔ وزیراعظم عمران خان نے بھی اطالوی ہم منصب کو دورہ پاکستان کی دعوت بھجوائی ہے۔لیوگی ڈی مائیو نے اس سے قبل وزیرخارجہ شاہ محمودقریشی اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے بھی ملاقاتیں کی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی شاہ محمود قریشی سے ملاقات، سیاسی اور حکومتی امور پرتبادلہ خیال