(24 نیوز)صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ جنگ روایتی ہو یا غیر روایتی ہمارا دشمن وطن کیلئے ہماری قربانیوں کی روایت کو مانند نہیں کرسکتا،خطے کی ترقی و نمو کا راز مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل سے جڑا ہوا ہے، ، ہم بھارت کے غاصبانہ قبضے اور 5 اگست 2019 کے اٹھائے گئے اقدامات کو مکمل طور پر رد کرتے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے یوم دفاع و شہدا کی تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹرعارف علوی نے کہا اکہ ہماری بری، بحری اور فضائی افواج کے جانبازوں نے ہمیشہ اپنے لہو سے پاکستان کی آزادی اور سلامتی کا تحفظ کیا، ان کی قربانیاں اور جانوں کے نذرانے سے ناصرف آنے والی نسلوں کے مستقبل کو محفوظ بنایا بلکہ پوری قوم کا سر فخر سے بلند کیا۔یہ تجدید وفا کا دن ہے اور یہ ہمیں یاد دلاتا ہے کہ 56 برس قبل پوری قوم غیراعلامیہ جنگ کے خلاف دشمنوں کے ناپاک عزائم کی راہ میں ایک سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی مانند کھڑی ہوگئی۔ انہوں نے کہا اس جدوجہد میں ناصرف دشمن کے ناپاک عزائم اور اس کی طاقت کے گھمنڈ کو نیست و نابود کیا بلکہ پوری دنیا کو پیغام بھی دیا کہ ہم بحیثیت قوم نا صرف اپنی آزادی سے محبت کرتے ہیں اور کسی قسم کی قربانی دینے سے دریغ نہیں کرتے اور نہ کریں گے۔صدر مملکت نے کہا کہ آزادی کی نعمت ایک عطیہ خداوندی ہے اور پاکستان کی آزادی اللہ کی مدد اور برزگوں کی جدوجہد کے بعد ہی ممکن ہوئی ہے، لاکھوں خاندانوں نے ہجرت کی۔ہمارا دشمن روز اول سے آزادی اور خودمختاری کے درپے ہے، آزادی کے حصول کے ساتھ ہی پاکستان کو ہندوستان کی جارحیت کا سامنا کرنا پڑا، کبھی روایتی تو کبھی دہشتگردی، کبھی آبی تو کبھی معاشی اور سفارتی ہتھکنڈوں کی صورت میں جارحیت کا سامنا رہا۔
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے افغانستان کی صورتحال کے حوالے سے کہا پاکستان خطے میں امن کا خواہاں ہے، افغانستان میں امن کیلئے پاکستان نے اہم کردار ادا کیا، افغانستان میں امن دراصل پاکستان میں امن کا مظہر ہے، ہم بدلتی ہوئی افغان صورتحال پر گہری نگاہ رکھے ہوئے ہیں۔مسلح افواج نے افغانستان کی سرحدکے ساتھ باڑ لگا کر سرحد کو محفوظ بنایا، افغانستان میں امن کیلئے دعاگو ہیں۔صدر مملکت نے کشمیر کے حوالے سےکہا اکہ خطے کی ترقی و نمو کا راز مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل سے جڑا ہوا ہے، ہم بھارت کے غاصبانہ قبضے اور 5 اگست 2019 کے اٹھائے گئے اقدامات کو مکمل طور پر رد کرتے ہیں۔ اقوام متحدہ کوبتاناچاہتےہیں کہ قراردادوں کی خلاف ورزی زیادہ دیرچل نہیں سکتی، کشمیریوں کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھیں گے اور ہم کشمیریوں کے جذبے اور ہمت کو سلام پیش کرتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: مسلح افواج تیار ہیں، دشمن اگر آزمانا چاہتا ہے تو ہر لمحہ تیار پائے گا،جنرل باجوہ