بجلی مزید کتنی مہنگی ہوگی؟ نیپرا نے عوام کو جھٹکا دے دیا

Sep 06, 2022 | 12:52:PM

(ویب ڈیسک)نیپرا نے مہنگائی میں پسے عوام کو ایک اور جھٹکا دے دیا ۔ سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کے ذریعے فی یونٹ بجلی 3 روپے 39 پیسے تک مہنگی ہو گی۔

نیپرا میں بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کی سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کی درخواست پر چیئرمین نیپرا توصیف ایچ فاروقی کی زیرِ صدارت سماعت ہوئی۔ بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کی جانب سے گزشتہ مالی سال کی آخری سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کے لیے درخواست دی گئی تھی۔

بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں نے سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ میں 95 ارب 14 کروڑ روپے کا اضافہ مانگا تھا۔دورانِ سماعت اتھارٹی کو بریفنگ میں بتایا گیا ہے کہ سہ ماہی کے دوران ڈالر 200 روپے تک جانے کا تخمینہ تھا،جو سہ ماہی کے دوران 240 روپے تک بھی گیا۔

نیپرا کے حکام نے بتایا کہ سہ ماہی کے دوران کیپیسٹی پرچیز پرائس 55 ارب روپے تک پہنچ گئی۔وائس چیئرمین نیپرا نے کہا کہ بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کو جرمانے کرتے ہیں تو وہ عدالتوں میں چلی جاتی ہیں۔

ضرور پڑھیں : ڈالر ایک بار پھر سستا ہوگیا
سماعت مکمل ہونے پر نیپرا حکام نے بتایا کہ سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کے ذریعے فی یونٹ بجلی 3 روپے 39 پیسے تک مہنگی ہو گی، یہ اضافہ اکتوبر سے دسمبر تک ہر ماہ 3 روپے 39 پیسے فی یونٹ وصول ہو گا، سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کا حتمی تفصیلی فیصلہ جانچ پڑتال کے بعد جاری ہو گا۔

مزیدخبریں