(ویب ڈیسک) منچھر جھیل میں پانی کی سطح مزید بلند ہونے کی وجہ سے پانی کا دباؤ کم کرنے کے لیے مزید دو مقامات پر کٹ لگائے گئے جس کے بعد سیہون ائیرپورٹ زیرِ آب آگیا۔
پانی کی سطح میں اب بھی کمی نہیں آسکی ہے جس کے باعث سیہون شہر اور سعید آباد کے لیے خطرہ برقرار ہے۔
تفصیلات کے مطابق آر ڈی 52 کے مقام پر ہونے والے شگاف کے بعد وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی آبائی یونین کونسل واہڑ میں بھی ہر طرف پانی ہی پانی ہے۔
سیہون ائیرپورٹ کے حوالے سے عینی شاہدین کا کہنا تھا کہ ایئرپورٹ پر چار سے پانچ فٹ پانی کھڑا ہے۔ اسی طرح انڈس ہائی وے کا دادو حیدرآباد سیکشن بھی سیلابی پانی کی زد میں ہے۔
جنوبی پنجاب میں بھی صورتحال زیادہ بہتر نہیں ہے جہاں اب بھی سیلاب متاثرین حکومت کی مدد کے منتظر ہیں اور صرف مخیر حضرات اور فلاحی تنظیمیں سیلاب سے بے گھر ہونے والوں کی مدد کر رہی ہیں۔
یہ بھی پڑھیے: منچھر جھیل کا پانی تیزی سے آبادی کی طرف بڑھنے لگا