نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی کا سیالکوٹ کا اچانک دورہ، بغیر پروٹوکول شہر میں داخل

Sep 06, 2023 | 01:16:AM

This browser does not support the video element.

(میاں اشفاق) نگران وزیراعلیٰ پنجاب سید محسن رضا نقوی بغیر پروٹوکول سیالکوٹ کے دورے پر پہنچ گئے۔

اس موقع پر وزیراعلیٰ سیالکوٹ کے گورنمنٹ علامہ اقبال میموریل ٹیچنگ ہسپتال کا سرپرائز وزٹ کیا جہاں انہوں نے انتظامات کا جائزہ لیا اور عوام الناس کیلئے سہولیات کو معیاری اور بروقت بنانے کیلئے ہدایات جاری کیں۔

وزیراعلیٰ نے مزید کہا کہ ہسپتال میں آنے والے مریضوں اور لواحقین کی شکایات کا بروقت ازالہ کیا جائے اور اس معاملے میں کسی بھی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔

اس موقع پر وزیراعلیٰ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سیالکوٹ جتنا بڑا شہر ھے اتنی سہولیات ھسپتال میں میسر نہیں ہیں لیکن فوری طور پر ہسپتال میں کام ہوتا نظر آئے گا کیونکہ ہسپتالوں میں صحت کی سہولیات کی فراہمی ریاست کی ذمے داری ہے۔

یہ بھی پڑھیے: نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی سے امریکی سفیر کی ملاقات، باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال

انہوں نے مزید کہا کہ پیڈز وارڈ میں  ایک ایک  بیڈ پر چار چار بچے موجود ہیں لیکن سب کو طبی امداد اور ادویات مفت فراہم کی جارہی ہیں، ہسپتال میں کافی لوگوں سے بات چیت ہوئی جنہوں نے بتایا کہ ادویات مفت مل رہی ہیں۔

وزیراعلی کا کہنا تھا کہ ہسپتال کی حالت زار کو درست کرنا حکومت کا کام ہے ڈاکٹروں کا نہیں، اگلے تین سے چار ماہ کے دوران دوبارہ یہاں کا دورہ کروں گا اور ہرممکن کوشش کریں گے کہ اس ہسپتال میں برن یونٹ کے قیام کو یقینی بنایا جائے۔

نگران وزیراعلیٰ پنجاب سید محسن رضا نقوی کے دورہ سیالکوٹ کے موقع پر آئی جی پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور بھی موجود تھے۔

مزیدخبریں