(24 نیوز) چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی، سروسز چیفس اور افواج پاکستان کی جانب سے 58 ویں یوم دفاع و شہداء کے موقع پر شہداء اور ان کے لواحقین کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا گیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق سروسز چیفس کا کہنا ہے کہ 6 ستمبر 1965ء کو حق و باطل کے معرکے نے یہ ثابت کیا کہ غیور قوم اپنی سرحدوں کی حفاظت کرنے کیلئے ہمہ وقت تیار ہے۔ اس روز مادرِ وطن کے ہزاروں بیٹوں نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرتے ہوئے پاک سرزمین کے دفاع کو ناقابلِ تسخیر بنایا۔
سروسز چیفس نے کہا کہ آج پوری قوم اُن کی قربانیوں کو سلام پیش کرتی ہے۔ ہم بطور قوم اُن تمام شہداء کی قربانیوں کے مقروض ہیں جنہوں نے پاکستان کے پرچم کی سربلندی کیلئے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کئے، پاکستان کی مسلح افواج ہر طرح کے اندرونی و بیرونی خطرات کیخلاف دفاع وطن کیلئے پرعزم ہیں۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ انشاء اللہ، پاکستان کونقصان پہنچانے کی ہر کوشش کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیے: 6 ستمبر پر چھٹی سے متعلق وائرل نوٹیفکیشن کی حقیقت سامنے آگئی
یاد رہے کہ 6 ستمبر 1965ء کو بھارت نے پاکستان کیخلاف مہم جوئی کی کوشش کی تھی جس پر مسلح افواج نے دشمن کے دانت کھٹے کرتے ہوئے اُسے شکست فاش دی تھی۔
پاکستان سے کئی گنا بڑے ملک نے افرادی تعداد میں کئی گنا زیادہ لشکر اور دفاعی وسائل کے ساتھ بغیر کسی اعلان کے رات کے اندھیرے میں پاکستان پر حملہ کیا۔ جس پر بہادر فوجی جوانوں نے جواں مردی اور ہمت کے ساتھ مقابلہ کرتے ہوئے بھارت کے عزائم کو ایسا خاک میں ملایا کہ اُسے عالمی سطح پر بھی شرمندگی کا سامنا کرنا پڑا۔
پاکستان میں ہر سال 6 ستمبر کے دن کو قومی جوش و جذبے کے ساتھ مناتے ہوئے وطن پر مر مٹنے کے عزم کا اعادہ کیا جاتا ہے، اس حوالے سے سرکاری و نجی سطح پر تقاریب کا انعقاد بھی کیا جاتا ہے۔