(24 نیوز)ایشیا کپ سپر4 مرحلہ پاکستان نے بنگلہ دیش کو ہرا دیا،پاکستان کا اگلا مقابلہ 10 ستمبر کو بھارت سے ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق ایشیا کپ سپرفورمرحلے میں پاکستان نے بنگلہ دیش کو 7 وکٹ سے ہرادیا،بنگلہ دیش کا 194 رنز کا ہدف پاکستان نے 39.4 اوورز میں حاصل کیا،امام الحق اور محمد رضوان کی نصف سنچریاں بنائیں۔
قومی بیٹرامام الحق نے 84 گیندوں پر 78 رنز کی اننگز کھیلی،محمد رضوان63 ، فخرزمان20 اور بابراعظم نے 17 رنز بنائے۔
قبل ازیں بنگلہ دیشی ٹیم 38.4 اوورز میں 193 رنزبنا کر آؤٹ ہوگئی تھی، مشفیق الرحیم 64 اور کپتان شکیب الحسن نے 53 رنز کی اننگز کھیلی، فاسٹ بولر حارث رؤف نے 19رنزدے کر 4 وکٹیں حاصل کیں۔
سپر فو ر مرحلے کے پہلے میچ میں بنگلہ دیش نے پاکستان کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا لیکن میچ آغاز سے ہی بنگلہ دیش کیلئے اچھا ثابت نہ ہوسکا۔میچ کے دوسرے اوور میں بنگلہ دیشی اوپنرز مہدی حسن میراز بغیر کوئی رنز کیے نسیم شاہ کی گیند پر فخر زمان کو کیچ دے بیٹھے۔ بنگلہ دیش کو دوسرا نقصان پانچویں اوور کی چوتھی گیند پر لٹن داس کی صورت میں اٹھانا پڑا جب بنگلہ دیشی بیٹر لٹن داس 16 رنز بنا کر شاہین شاہ آفریدی کا شکار ہوئے جس کے بعد بنگلہ دیش کی اگلی دو وکٹ فاسٹ بولر حارث رؤف کے حصے میں آئیں۔
فاسٹ بولر حارث رؤف نے اوپنر محمد نعیم کو 20 اور توحید ہردوئے کو صرف 2 رنز پر پویلین کی راہ دکھائی۔بنگلادیش کو پانچواں نقصان کپتان شکیب الحسن کی صورت میں اٹھانا پڑا، وہ 53 رنز بناکر فہیم اشرف کا شکار بنے۔
پاکستان کےخلاف بنگلادیشں کی چھٹی وکٹ 174 رنز پرگری جب شمیم حسین 16 رنزپر افتخار احمد کی گیند پرآؤٹ ہوئے جبکہ سیٹ بیٹر مشفیق الرحیم 64 رنز بناکر حارث رؤف کی گیند پر وکٹ دے بیٹھے اور پھر نئے آنے والے بیٹر تسکین احمد بھی صفر پر حارث رؤف کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔
ایشیا کپ کے سپر فور مرحلے کا پہلا میچ قذافی اسٹیڈیم لاہور میں پاکستان اور بنگلا دیش کے درمیان کھیلا جارہا ہے۔
لاہور میں قذافی سٹیڈیم میں ٹاس کے بعد گفتگو کرتے ہوئے بنگلادیش کرکٹ ٹیم کے کپتان شکیب الحسن نے کہا کہ اگر ہم زیادہ رنز بناتے ہیں تو اس سے مخالف ٹیم پر دباؤ پڑے گا،اس موقع پر پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے کہا کہ ہم بھی پہلے بیٹنگ ہی کرتے، گزشتہ رات ہم نے دیکھا کہ حالات نے فاسٹ باؤلرز کی مدد کی، میچ جیتنے کی کوشش کریں گے۔
بنگلادیش کرکٹ ٹیم کے کپتان شکیب الحسن نے کہا کہ ہم نے افغانستان کے خلاف جو کچھ کیا اسے دہرانا چاہتے ہیں لیکن ہمیں دنیا کی نمبر ون ٹیم کا سامنا ہے اس لئے ہمیں اپنا بہترین کھیل کھیلنے کی ضرورت ہے۔
قومی سکواڈ میں تبدیلی۔۔۔
پاکستان کرکٹ بورڈ نے بنگلادیش کے خلاف پلیئنگ الیون میں ایک تبدیلی کی ہے، آل راؤنڈر محمد نواز کو سکواڈ سے نکال کر فاسٹ باؤلر و آل راؤنڈر فہیم اشرف کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔
خیال رہے کہ قومی ٹیم نے اب تک دو میچ کھیلے جن میں سے پہلے میں نیپال کو شکست دی جبکہ دوسرا میچ بھارت کے خلاف تھا جو بارش کی وجہ سے بغیر کسی نتیجے کے ختم ہوگیا تھا۔
آئی سی سی ٹرافی ٹورآئی سی سی کی ٹرافی دنیا گھومتی ہوئی پاکستان پہنچ چکی ہے، آئی سی سی ورلڈ کپ ٹرافی گزشتہ لاہورپہنچائی گئی،ٹرافی نے لاہور کے 14 مقامات کا دورہ کیا۔
آئی سی سی ورلڈ کپ ٹرافی کی رونمائی سب سے پہلے یونیورسٹی آف سنٹرل پنجاب میں کی گئی، ٹرافی کی رونمائی مشیر کھیل پنجاب وہاب ریاض نے کیا۔
ٹرافی آج بھی لاہور کے مختلف مقامات کا دورہ کرے گئی۔