نیا توشہ خانہ کیس، عمران خان اور بشریٰ بی بی کی درخواست ضمانت پر سماعت ملتوی

Sep 06, 2024 | 14:10:PM
نیا توشہ خانہ کیس، عمران خان اور بشریٰ بی بی کی درخواست ضمانت پر سماعت ملتوی
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: گوگل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24نیوز)اسلام آباد کی احتساب عدالت نے سابق وزیر اعظم عمران خان اور ان کی اہلیہ بشری بی بی کی نیا توشہ خانہ کیس میں درخواست ضمانت پر سماعت پیر تک ملتوی کردی۔

احتساب عدالت کے جج ناصر جاوید رانا نے ضمانت کی درخواستوں پر سماعت کی، عمران خان اور اہلیہ کو کمرہ عدالت میں پیش کیا گیا، عمران خان اور بشری بی بی کے وکیل بیرسٹر سلمان صفدر عدالت میں پیش ہوئے،دوران سماعت نیب حکام نے بتایا کہ سپریم کورٹ سے نیب ترامیم کیس پر فیصلہ آ چکا ہے، سپریم کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں عدالت نے دیکھنا ہے کہ کیس میں اس عدالت کا دائرہ اختیار بنتا ہے یا نہیں۔

بعد ازاں عدالت نے عمران خان اور بشریٰ بی بی کی ضمانت بعد گرفتاری کی درخواستوں پر سماعت پیر تک کیلئے ملتوی کر دی۔

خیال رہے کہ 13 جولائی کو نیب نے عمران خان اور ان کی اہلیہ کو عدت نکاح کیس میں ضمانت ملنے کے فوری بعد توشہ خانہ کے ایک نئے ریفرنس میں گرفتار کرلیا تھا، نیب کی انکوائری رپورٹ کے مطابق نیا کیس 7 گھڑیوں سمیت 10 قیمتی تحائف خلاف قانون پاس رکھنے اور بیچنے سے متعلق ہے۔

اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن عدالت نے سابق وزیر اعظم عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے خلاف عدت نکاح کیس میں سزا کے خلاف اپیلیں منظور کرتے ہوئے ان کی7، 7 سال قیدکی سزائیں معطل کردیں اور ان کی رہائی کا حکم دیا تھا۔

بعد ازاں وفاقی حکومت نے توشہ خانہ کے نئے ریفرنس کیلئے عمران خان اور ان کی اہلیہ کے جیل ٹرائل کا نوٹیفکیشن کیا تھا، نوٹیفکیشن نیب آرڈیننس 1999 کی سیکشن 16 بی کے تحت جاری کیا گیا۔

اس میں بتایا گیا کہ امن امان کی صورت حال کے پیش نظر نیب عدالت اگر ضروری سمجھتی ہے تو عمران خان اور بشریٰ بی بی کا ٹرائل جیل میں کرے۔