پاکستانی ایتھلیٹ حیدر علی نے پیرالمپکس میں برانز میڈل جیت لیا

Sep 06, 2024 | 16:50:PM

(ویب ڈیسک)پاکستان نے ایک  میڈل اپنے نام کرلیا ، پاکستان کے حیدر علی نے پیرالمپکس میں برانز میڈل جیت لیا۔

 پیرالمپک گیمز میں پاکستان کے حیدر علی ڈسکس تھرو میں برانز میڈل جیتنے میں کامیاب رہے ، اُنہو ں نے 52.54 کی تھرو کے ساتھ تمغہ اپنے نام کیا۔پیرس میں جاری پیرالمپک گیمز میں ڈسکس تھرو کے ایف 37 کیٹیگری کا فائنل کھیلا گیا ، پاکستان کے حیدر علی نے شاندار آغاز کرتے ہوئے 52.28 کی تھرو کی، اُن کی دوسری تھرو فاؤل قرار دی گئی۔

تاہم وہ ابتدائی 2 راؤنڈ تک پہلی پوزیشن پر رہے ، اُس کے بعد اُن کی مسلسل 3 تھرو فاؤل قرار دی گئیں، اس دوران اُزبکستان اور کینیڈا کے ایتھلیٹ اُن سے بہتر تھرو کرنے کی وجہ سے پہلی اور دوسری پوزیشن پر آگئے۔

ضرورپڑھیں:مشتاق احمد کی بیٹی رشتہ ازدواج میں منسلک ہوگئیں

حیدر علی نے اپنی آخری تھرو میں کچھ بہتر کارکردگی دکھائی جس میں وہ 52.54 کی تھرو کرنے میں کامیاب رہے لیکن وہ اُزبک اور کینیڈین ایتھلیٹس سے بہتر تھرو نہ کرسکے اور تیسرے نمبر پر رہے۔

یہ ایونٹ اُزبکستان کے ٹولیبائے نے 57.28 کی تھرو کے ساتھ جیتا ، کینیڈا کے جیسی زیسیو نے چاندی کا تمغہ حاصل کیا جبکہ حیدر علی نے برانز میڈل اپنے نام کیا،یہ حیدر علی کا پیرالمپکس میں چوتھا میڈل ہے۔انہوں نے اس سے قبل ٹوکیو پیرالمپکس میں گولڈ میڈل حاصل کیا تھا۔

واضح رہے کہ پیرالمپکس میں 4 ہزار 400 ایتھلیٹس کھیلوں کے 23 مختلف مقابلوں میں ایکشن میں ہیں۔حیدر علی پاکستان کی طرف سے پیرالمپکس میں حصہ لینے والے واحد ایتھلیٹ ہیں۔پیرس اولمپکس مقابلوں میں نیزہ بازی میں پاکستانی ارشد ندیم نے ورلڈ ریکارڈ بناتے ہوئے گولڈ میڈل جیتا تھا ۔

مزیدخبریں