(24 نیوز )بھارت میں ایک اور انسانیت سوز واقعہ سامنے آیا ہے جہاں ایک مصروف شاہراہ پر خاتون کے ساتھ زیادتی کا واقعہ پیش آیا اور وہاں سے گزرتا شخص واقعے کی ویڈیو بناتا رہا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق خاتون کے ساتھ جنسی زیادتی کا واقعہ ریاست مدھیہ پردیش کے شہر اجن کی ایک مصروف ترین انٹر شیکشن کوئل پھاٹک پر پیش آیا،میڈیا رپورٹس کے مطابق راکیش نامی شخص نے ایک کچرہ چننے والی خاتون کو شادی کا جھانسہ دیکر اپنے ساتھ چلنے کا کہا اور پھر اسے بہت زیادہ شراب پلائی، جب خاتون کی حالت غیر ہوئی تو راکیش نے اسے روڈ کنارے واقع ایک محفوظ جگہ پر لے گیا اور زیادتی کا نشانہ بنا ڈالا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق اس افسوسناک واقعے کے وقت پاس سے گزرتے شخص نے منظر دیکھا تو بجائے خاتون کو بچانے کے موبائل سے ویڈیو بنانا شروع کر دی اور سوشل میڈیا پر ڈال دی جو چند ہی منٹوں میں وائرل ہو گئی ، پولیس نے سوشل میڈیا پر ملزم کی واردات کے بعد متاثرہ خاتون کو دھمکی دیکر فرار ہونے کی ویڈیو کی مدد سے راکیش کو گرفتار کر لیا اور واقعے کی تحقیقات کا آغاز کر دیا،اس واقعے کے بعد بھارت کی ہندو انتہا پسند حکمران جماعت بی جے پی اور اپوزیشن جماعت کانگریس کے درمیان بھی سوشل میڈیا پر بحث چھڑ گئی۔
مدھیہ پردیش کے کانگریس چیپٹر کی جانب سے سوشل میڈیا پر کہا گیا کہ مذہبی شہر اجن کے واقعے نے ایک بار پھر ہمارے سر شرم سے جھکا دیے ہیں، دن کے وقت مصروف ترین شاہراہ پر ایسا صرف اسی وقت ممکن ہے جب قانون غائب ہو، اس واقعے کے بعد جو حکومت میں ہیں انہیں ڈوب کر مر جانا چاہیے یا شرم کے مارے استعفیٰ دینا چاہیے۔