(24نیوز)چینی سیکنڈل کیس میں بڑی پیشرفت۔۔ عدالت نے تحریک انصاف کے سینئر رہنما جہانگیرترین اور بیٹے علی ترین کو 10 اپریل تک گرفتارکرنےسےروک دیا۔
تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی رہنما جہانگیر ترین اور علی ترین بینکنگ جرائم کورٹ میں پیش ہوئے۔بینک جرائم کورٹ کے جج کےرخصت پر ہونے کی وجہ سے جہانگیر ترین ،علی ترین اور رانا نسیم کی عبوری ضمانتوں میں 10 اپریل تک توسیع کر دی گئی۔عدالت نے ملزم عامر وارث کی عبوری ضمانت میں بھی دس اپریل تک توسیع کر دی۔
واضح رہے کہ اس سے قبل بھی چینی اسکینڈل کیس میں گرفتاری سے بچنے کیلئے جہانگیر ترین اور بیٹے علی ترین نے لاہور کی سیشن عدالت میں عبوری درخواست ضمانت دائر کی تھی۔ ایڈیشنل سیشن جج حامد حسین نے درخواست پر سماعت کرتے ہوئے جہانگیر ترین اور علی ترین کی عبوری ضمانت 10اپریل تک منظور کی اور پولیس کو دونوں ملزموں کی گرفتاری سے روکا ۔
دوسری جانب لاہور کی بینکنگ کورٹ نے بھی پانچ، پانچ لاکھ روپے کے مچلکوں کے عوض باپ بیٹے کی درخواستِ ضمانت7 اپریل تک منظور کی تھی ۔بینکنگ کورٹ لاہور کی جانب سے حال ہی میں ایف آئی اے میں درج کئے جانے والے مقدمے میں یہ ضمانت منظور کی گئی ہے۔