(24نیوز) انسانی حقوق کمیشن (ایچ آر سی پی) نے جنسی زیادتی کو فحاشی سے جوڑنے کے وزیراعظم عمران خان کے بیان کی مذمت کی ہے۔سول سوسائٹی کی تنظیموں نے معاملے پر احتجاج کی کال دے دی۔
تفصیلات کے مطابق ایک بیان میں کمیشن نے کہا کہ وہ وزیر اعظم عمران خان کے اس تاثر کی مذمت کرتے ہیں کہ پردے سے جنسی زیادتی رُک جائے گی۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کا بیان مجرموں کے بجائے جنسی زیادتی کے متاثرین کو موردِ الزام ٹھہراتا ہے۔واضح رہے کہ ایچ آر سی پی نے اپنے بیان میں کہا کہ ایک عوامی لیڈر کا یہ رویہ ناقابلِ قبول ہے، وزیراعظم عمران خان معافی مانگیں۔ایچ آر سی پی نے مزید کہا کہ وزیراعظم عمران خان کا بیان جنسی زیادتی کی وجوہات کے بارے میں اُن کی لاعلمی کو ظاہر کرتا ہے۔
وزیر اعظم عمران خان کا جنسی زیادتی کو خواتین کے لباس اور پردے سے جوڑنے کے معاملہ پرسول سوسائٹی اور سوشل ایکٹیویسٹ تنظیموں کی جانب سے مزمت کی گئی ،سول سوسائٹی کی تنظیموں نے معاملے پر احتجاج کی کال دے دی۔عمران خان کے ایسے بیانات پدرشاہانہ اور متعصبانہ معاشرتی رویوں کی عکاسی کرتا ہے۔ سول سوسائٹی معاملے پر کل نیشنل پریس کلب اسلام آباد کے باہر احتجاجی مظاہرے کرے گی،سول سوسائٹی نے کہا ہے کہ سی سی پی او لاہور نے موٹروے ریپ کیس کے بعد بھی اسی طرح کے خیالات کا اظہار کیا تھا، سول سوسائٹی کا مظاہرے میں شہریوں سے شرکت کی اپیل کی ہے۔
خیال رہے انسانی حقوق کمیشن نے یہ بھی کہا کہ زیادتی کےمتاثرین میں بچوں سے لےکر غیرت کے نام پر تشدد کا نشانہ بننے والے شامل ہوتے ہیں، جنسی زیادتی پُرتشدد عمل ہے، حکومت اس سے نمٹنے کے عہد کی تجدید کرے۔