اے این پی کا ن لیگ کی حمایت کا اعلان

Apr 07, 2021 | 14:27:PM

(24نیوز)اپوزیشن جماعتوں کے اتحاد پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ سے علیحدگی کا اعلان کرنے والی عوامی نیشنل پارٹی نےاگلے ہی روز ن لیگ کی حمایت کا اعلان کردیا۔

ملکی سیاست میں ڈرامائی موڑ۔۔ گزشتہ روز پی ڈی ایم اتحاد کو خدا حافظ کہنے والی اے این پی نے کراچی کے حلقہ 249  کے ضمنی الیکشن میں مسلم لیگ ن کی حمایت کا فیصلہ کیا ہے۔  اے این پی کی جانب سے ن لیگ کے امیدوار مفتاح اسماعیل کی حمایت کے اعلان پر سیاسی حلقے شش و پنج میں مبتلا ہوکر رہ گئے ہیں۔

واضح رہے کہ مرکزی نائب صدر عوامی نیشنل پارٹی امیر حیدر خان ہوتی  نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے جے یو آئی اور ن لیگ سے گلے شکوے کئے تھے۔ اے این پی رہنما کا کہنا تھا کہ  ہم سمجھتے ہیں ہمیں کیوں شوکاز نوٹس بھیجا گیا، ہمیں دیوار سے لگا دیا گیا۔ اے این پی سے جواب لینے کا اختیار صرف اسفند یار ولی کو ہے۔ سینٹ میں اپوزیشن لیڈر کے معاملے پر پیپلز پارٹی کے تحفظات تھے۔

 عوامی نیشنل پارٹی کے رہنما کا کہنا تھا کہ استعفوں پر اختلاف رائے کے باعث لانگ مارچ ملتوی کیا گیا، اے این پی کاموقف تھاکہ متفقہ استعفوں کے بغیرلانگ مارچ بےاثرہوگا، اجلاس میں متفقہ فیصلہ ہوا اورلانگ مارچ ملتوی کیاگیا۔

 امیر حیدر خان ہوتی کا کہنا تھا کہ پنجاب میں بلا مقابلہ جیتنے پر بھی وضاحت ہونی چاہیے تھی، لاڑکانہ میں جے یو آئی اور پی ٹی آئی میں اتحاد ہوگیا ہے تو اس پر بھی وضاحت ہونی چاہیے تھی۔ اس شوکاز کا واضح مطلب ہے کہ یہ ہماری ساکھ کو متاثر کرنا چاہ رہے ہیں۔ کیا جلدی تھی اس نوٹس کی؟ مولانا کے صحتیاب ہونے کا انتظار کرتے اور بعد میں اجلاس بلالیتے، واضح ہے کہ کچھ جماعتیں مقاصد کیلئے پی ڈی ایم کو استعمال کرنا چاہتی ہیں۔

مزیدخبریں