روس کا مسئلہ کشمیر کے پر امن حل پر زور۔عمران خان کی پیوٹن کو دورہ پاکستان کی دعوت

Apr 07, 2021 | 16:47:PM

(24نیوز)وزیر اعظم عمران خان سے روسی وزیر خارجہ نے ملاقات کی،عمران خان نے روسی صدر پیوٹن کو دورہ پاکستان کی دعوت دی۔ملاقات میں پاک روس دوطرفہ تعلقات اورعلاقائی امورپرتبادلہ خیال کیا گیا۔وزیر اعظم نے کورونا سے بچاﺅ کی سپوتنک ویکسین کی خریداری سے متعلق دلچسپی ظاہر کی۔
ملاقات کے جاری ہونے والے اعلامیہ کے مطابق وزیراعظم نے ملاقات میں بشکیک میں شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہی اجلاس کے موقع پر روسی صدر کے ساتھ ملاقات کا تذکرہ کیا اور روس کے ساتھ تعلقات کی اہمیت سے متعلق بات کی ۔

وزیراعظم نے دوطرفہ تعلقات پر اطمینان کا اظہار کیا اور"پاکستان اسٹریم" گیس پائپ لائن منصوبے پرجلد از جلد کام شروع کرنے کے عزم کا اعادہ کیا ۔اس موقع پرتوانائی ، صنعت ، ریلوے اور ہوا بازی کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا اور کہا گیا کہ رواں سال ماسکو میں ہونے والے بین الحکومتی کمیشن میں مختلف تجاویز اور منصوبوں پر پیش رفت ہوگی۔ اعلامیہ کے مطابق ملاقات میں کوویڈ 19 کے صحت اور معاشی چیلنجوں پر تبادلہ خیال کیا گیا وزیراعظم نے روس کو اس کی سپوتنک ویکسین بنانے پر مبارکباد پیش کی۔

ملاقات میں وزیراعظم نے افغانستان تنازعہ کے سیاسی حل کی اہمیت پر زور دیااور افغان امن عمل کو فروغ دینے میں روس کی کوششوں کو سراہا ۔ وزیراعظم نے روسی وزیر خارجہ کو مقبوضہ کشمیر کی صورتحال کے تناظر میں پاکستانی موقف سے آگاہ کیا، جنوبی ایشیا میں امن و سلامتی کے امور پر پاکستان کے نقطہ نظر پر بھی بات چیت کی گئی۔ دونوں رہنماﺅںنے کشمیر تنازعہ کے پرامن حل کی ضرورت پر زور دیا، ملاقات میں مغربی ایشیا ، مشرق وسطیٰ سمیت خطے کی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔
 قبل ازیں روسی وزیر خارجہ نے پاکستان ہہم منصب سے ملاقات کی ۔وزارت خارجہ میں پاکستان اور روس کے وزرائے خارجہ کی ملاقات ، وفود کی سطح پر مذاکرات بھی کئے گئے۔دونوں ملکوں نے دفاع ،تجارت، توانائی ،علاقائی اور عالمی امن کیلئے مل کر کردار ادا کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ بعد ازاںمشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خارجہ شاہ محمود کا کہنا تھا کہ روسی وزیر خارجہ کے دورے سے تعلقات میں وسعت آئے گی.روس نے دہشت گردی کے خاتمے میں پاکستان کے کردار کو سراہا،روسی وزیر خارجہ نے کہا پاک بھارت تعلقات کی بہتری کے خواہاں ہیں۔روسی وزیر خارجہ کو خطے کی سکیورٹی صوتحال اور جموں کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سے آگاہ کیا،روسی وزیر خارجہ نے افغان مشرق وسطیٰ میں کردار ادا کرنے کا اعلان کیا ،پاکستان سے دفاعی تعاون کا بھی اعادہ کیا، انہوں نے کہاکہ ہم نے پاکستان کو کورونا ویکسین کی پندرہ ہزار ڈوزز فراہم کی ہیں ،مزید ڈیڑھ لاکھ خوراکیں دینگے۔وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا مزید کہنا تھا روس ہیلتھ کیئر میں بہت آگے ہے، روسی ویکسین نے نتائج دکھائے ہیں ،ہم نے روس سے بات کی ہے کہ کس طرح سے یہ ویکسین پاکستان میں بنانے کے لئے تعاون ہوسکتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں۔ نیب کا کام کرپشن روکنا ہے، سیاسی بیانات پر کارروائی کرنا نہیں، مریم نواز

مزیدخبریں