پی ڈی ایم کا کیا کریں۔۔۔بلاول نے 11اپریل کو پارٹی اجلاس بلا لیا

Apr 07, 2021 | 18:49:PM

  (24نیوز) پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے پارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹو کا اہم اجلاس گیارہ اپریل کو طلب کرلیا ۔

اپنے بیان میں نیئر حسین بخاری نے کہاکہ اجلاس دن ایک بجے بلاول ہاﺅس کراچی میں ہوگا ،کوورونا کی وجہ سے جو ارکان شرکت نہیں کر سکتے ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہونگے ۔ذرائع کے مطابق اجلاس میں پی ڈی ایم کے شوکاز نوٹس ،اتحاد میں شامل رہنے سمیت دیگر سیاسی امور اور حکومت مخالف حکمت عملی پر غور کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ پیپلز پارٹی کے یوسف رضا گیلانی کے سینٹ میں اپوزیشن لیڈر بننے کیلئے بلوچستان عوامی پارٹی سے حمایت لینے پر پی ڈی ایم نے پیپلزپارٹی کو شوکاز نوٹس جاری کیا تھا،پیپلز پارٹی کے اس اقدام پر اپوزیشن اتحاد کی بڑی جماعت مسلم لیگ ن سب سے زیادہ ناراض تھی کیونکہ پی ڈی ایم کے فیصلے کے مطابق سینٹ میں اپوزیشن لیڈر مسلم لیگ ن کا حق تھا۔
ادھر اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پیپلز پارٹی کے رہنما سینیٹر شیری رحمان نے کہاہے کہ پیپلزپارٹی کسی کو جوابدہ نہیں ہے، پی ڈی ایم کا کوئی آئین نہیں ہماری سی ای سی سوچے گی کہ کیا جواب دینا ہے۔ انہوںنے کہاکہ ہم اس طرح چارج شیٹ کے ذریعے جوابدہ نہیں ہیں، ہم چاہتے ہیں گفت و شنید ہو اور موزوں ماحول میں بات کی جائے، ڈکٹیشن کے ماحول میں جمہوری اتحاد نہیں چلتے۔
 شیری رحمان نے کہاکہ پیپلزپارٹی کی اکیس رکنی اکثریت کی بنیاد پر ہی قائد حزب اختلاف سینٹ بنایا گیا، کون ہے جو ڈی ایم میں دراڑیں ڈال رہا ہے؟ چیئرمین بلاول پی ڈی ایم کے بانی ہیں۔انہوں نے کہاسلیکٹڈ سرکار کو ہٹانا بہت ضروری ہے ۔عمران خان نے ملک کے تمام ادارے تباہ کردیئے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ ہمارا ہدف سلیکٹڈ سرکار ہے، عمران حکومت جھونکے کی طرح گرنے والی ہے۔ انہوںنے کہاکہ جمہوریت میں بات چیت کے دروازے ہمیشہ کھلے رھتے ہیں، مسلم لیگ ن جس نہج پر اتحاد کو لے آئی ہے وہ سوچے کہ ہم کس کو ہدف بنانا چاھتے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ ہم تو لانگ مارچ کے لئے تیار تھے استعفوں پر بات کرنے کو تیار تھے، ہم پی ڈی ایم کی تمام جماعتوں سے رابطوں میں ہیں۔انہوںنے کہاکہ ہم سلیکٹڈ کیلئے راستے کھلے نہیں چھوڑنا چاہتے،ہمیں سوچنا ہے کہ ہم کس طرح سے آگے بڑھیں۔ انہوںنے کہاکہ عمران خان کو اپنے آپ سے خطرہ ہے وہ کلہاڑیاں اپنے پاوں پر ماررہے ہیں، ہم ڈٹ کر اپوزیشن کی تحریک چلائیں گے۔

یہ بھی پڑھیں۔عمرہ اور حج کیلئے کورونا پابندیاں سخت

مزیدخبریں