(مانیٹرنگ ڈیسک)وزیراعظم عمران خان نے تحریک انصاف کی میڈیا ٹیم سے ملاقات کرنے کا فیصلہ کرلیا۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت میڈیا ٹیم کا اجلاس آج وزیراعظم ہاؤس میں ہوگا، وزیراعظم کی زیرصدارت سیاسی کمیٹی کا اجلاس بھی ہوگا جس میں آئندہ کی حکمت عملی اور پنجاب کی سیاسی صورتحال پر غورہوگا، اس کے علاوہ وزیراعظم عمران خان سے قانونی ماہرین بھی ملاقات کریں گے جس میں ملکی صورتحال پر بات ہوگی۔
دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے 100 سے زائد حلقوں میں امیدوار تبدیل نہ کرنے اور منحرف ارکان کے حلقوں میں جلسے کرنے کا فیصلہ کرلیا جبکہ تحریک عدم اعتماد میں ساتھ دینے والے ارکان کو پارٹی ٹکٹس دینے پر اتفاق کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: قاسم سوری اور دوست مزاری ٹوئٹر پرآمنے سامنے۔ لفظی جنگ چھڑ گئی
ذرائع کا کہنا ہے کہ منحرف ارکان کے حلقوں میں متبادل امیدواروں کیلئے مشاورت شروع کردی گئی ہے، چیئرمین عمران خان منحرف ارکان کےحلقوں میں عوامی اجتماعات سےخطاب کریں گے۔
خیال رہےکہ3 اپریل کو ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم سوری نے اپوزیشن کی جانب سے وزیراعظم عمران خان کے خلاف پیش کی گئی تحریک عدم اعتماد کو آئین کے منافی قرار دیتے ہوئے مسترد کر دیا تھاجس کے بعد وزیراعظم کی ایڈوائس پر صدر مملکت عارف علوی نے اسمبلی توڑ دی تھی۔
ذرائع کے مطابق اسمبلی تحلیل ہونے کے بعد 90 روز میں عام انتخابات ہوتےہیں، تحریک انصاف نے الیکشن کی تیاریاں شروع کردی ہیں۔