الیکشن کمیشن ڈیوٹی ادا کرنے کیلئے تیار، جب بھی ضرورت ہو آئینی ذمہ داری پوری کرے، چیف جسٹس 

Apr 07, 2022 | 20:49:PM

(24 نیوز)ڈپٹی سپیکر کی رولنگ سے متعلق ازخودنوٹس کیس میں چیف جسٹس عمر عطا بندیال نے کہاکہ الیکشن کمیشن ڈیوٹی ادا کرنے کیلئے تیار ہے،جب بھی ضرورت ہو الیکشن کمیشن آئینی ذمہ داری پوری کرے ۔
تفصیلات کے مطابق ڈپٹی سپیکر کی رولنگ سے متعلق ازخودنوٹس کیس میں چیف جسٹس عمر عطا بندیال نے چیف الیکشن کمشنر کو روسٹرم پر بلالیا،چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ انتخابات کب تک ہو سکتے ہیں ، چیف الیکشن کمشنر نے کہاکہ ہم ہر وقت الیکشن کیلئے تیار رہتے ہیں ،حلقہ بندیوں کا مسئلہ ہے ،حلقہ بندیاں الیکشن سے پہلے ضروری ہے ،حلقہ بندیوں کے بغیر انتخابات کرانا مشکل ہے ۔
چیف الیکشن کمشنر نے کہاکہ ہم نے حلقہ بندیوں سے متعلق کئی خطوط لکھے،چیف جسٹس عمر عطا بندیال نے استفسار کیا کہ پورے ملک کی حلقہ بندیاں کرنی ہیں کیا؟ چیف الیکشن کمشنر نے کہاکہ جی سر پورے ملک میں حلقہ بندیاں ہوتی ہیں جب نئی مردم شماری ہو،ہمیں حلقہ بندیوں کیلئے چار ماہ چاہئیں۔
چیف الیکشن کمشنر نے کہاکہ فاٹا انضمام کے بعد سیٹیں کم ہوگئی ہیں،پورے ملک میں حلقہ بندیوں میں تبدیلی آئے گی،چیف جسٹس عمر عطا بندیال نے کہاکہ الیکشن کمیشن ڈیوٹی ادا کرنے کیلئے تیار ہے،آپس میں مشورہ کیا ہے،متفقہ فیصلہ ہے،جب بھی ضرورت ہو الیکشن کمیشن آئینی ذمہ داری پوری کرے ۔

یہ بھی پڑھیں: ڈپٹی سپیکر اور صدر کے فیصلے کالعدم ۔تحریک عدم اعتماد بحال۔سپریم کورٹ کا تاریخی فیصلہ آگیا

مزیدخبریں