قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس ، قومی معاملات پر کسی بھی دباؤ میں نہ آنے کا عزم
Stay tuned with 24 News HD Android App
(اویس کیانی)قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس ختم ،اہم فیصلوں پر اتفاق کرلیا گیا۔
وزیر اعظم کی زیر صدارت جاری قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس ختم ہوگیا ، اجلاس کے اہم فیصلوں پر علامیہ جاری کیا جائے گا ۔
وزیراعظم ہاؤس میں قومی سلامتی کمیٹی کا یہ 41 واں اجلاس تھا جس میں چیئرمین جوائنٹ چیفس سمیت تینوں مسلح افواج کے سربراہان، وزیر دفاع، خزانہ، خارجہ، داخلہ اور وزیر اطلاعات شریک ہوئے۔
ضرور پڑھیں :وزیراعظم سے آرمی چیف،ڈی جی آئی ایس آئی کی ملاقات
اجلاس میں ڈی جی آئی ایس آئی، ڈی جی آئی بی، ڈی جی ایم آئی اور ڈی جی ایم او سمیت دیگر عسکری اور سویلین حکام بھی شریک ہوئے۔جب کہ اجلاس میں کمیٹی ممبران اور چاروں وزرائے اعلیٰ بھی خصوصی طور پر شریک ہوئے ۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں ملک کے مختلف حصوں میں شرپسندی کے خلاف کارروائیوں پر اطمینان کا اظہار کیا گیا،دہشتگردی کے واقعات میں شہید ہونیوالوں کی خدمات پر خراج عقیدت پیش کیا گیا،شرکاء نےبلوچستان میں کالعدم تنظیم کے سربراہ کی گرفتاری پر اداروں کو خراج تحسین پیش کیا ،ذرائع سلامتی کمیٹی کا کہنا ہے کہ سیکورٹی اداروں کے افسروں اور جوانوں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائینگی۔
کمیٹی نے انسداد دہشتگردی آپریشنز جاری رکھنے پر اتفاق کیا ہے،وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے معاشی صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی،آئی ایم ایف سے مزاکرات اور دوست ممالک کے وعدوں سے بھی آگاہ کیا ،فورم نے قومی معاملات پر کسی بھی دباؤ میں نہ آنے کا عزم کیا۔کمیٹی نے اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ ملکی اندرونی اور بیرونی سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔اندرونی خلفشار اور قوم کو تقسیم کرنے کی سازش کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دی جائے گی،فورم نےملکی سلامتی اور استحکام کے لئے سب کو ملکر اپنا کردار ادا کرنے پر زور دیا۔